کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) قومی ایئرلائن میں مالی بے ضابطگیوں اور مبینہ خوردبرد کی خصوصی رپورٹ انٹرنل آڈیٹر نے جاری کردی جو اے آر وائی نیوز کو موصول ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کے چیف انٹرنل آڈیٹر نے اسلام آباد اسٹیشن کی خصوصی آڈٹ رپورٹ جاری کردی جس میں مالی بے ضابطگیوں اور مبینہ گھپلوں کا انکشاف سامنے آیا۔ رپورٹ کے مطابق مشیر ہوا بازی کے اسٹاف آفیسر اور سی ای او کوارڈینیشن
کے مینیجر نے جعلی بلوں کے ذریعے پی آئی اے کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچایا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دونوں افسران نے خلافِ ضابطہ اختیارات کا غیر قانونی استعمال کرتے ہوئے مختلف مد میں جعلی بلوں کے ذریعے ادارے کے خزانے کو نقصان پہنچایا، سی ای او کے مینیجر کوارڈینیشن نے لاکھوں روپے کے بل بغیر تصدیق کے منظور کیے جبکہ مشیر ہوا بازی کے اسٹاف آفیسر نے مختلف مد میں 16 لاکھ روپے پی آئی اے سے وصول کیے۔