ڈھاکہ(این این آئی)رواں سال حج سیزن کے لیے بنگلہ دیشی حکومت آیندہ ہفتے حج پیکج کا اعلان کرے گی ،مجوزہ حج اخراجات میں پروازوں کے کرایوں کی مد میں اٹھنے والی رقم شاید دیگر اخراجات میں سب سے زیادہ ہوگی۔میڈیارپورٹس کے مطابق بیمان بنگلہ دیش ائیر لائنز نے ایک بیان میں کہاکہ ڈھاکا سے جدہ اور جدہ سے ڈھاکا پرواز کا عام کرایہ 50 سے 60 ہزار ٹکا تک ہے لیکن ایک عازم حج کو سعودی عرب جانے کے لیے اصل کرائے سے دْگنا تک ادا کرنا پڑتا ہے۔
گذشتہ سال بیمان بنگلہ دیش ائیر لائنز اور سعودی ائیر لائنز کی حج پروازوں پر جانے والے عازمین حج کو فی کس 124723 ٹکا کرایہ ادا کرنا پڑا تھا اور یہ کرایہ حکومت کا مقرر کردہ تھا۔طیارے پر سفر کے علاوہ ایک حاجی کو سعودی عرب میں قیام وطعام اور مقامی ٹرانسپورٹ کے لیے الگ سے بھی رقم ادا کرنا پڑتی ہے۔بیمان کے حکام کے مطابق حج پروازوں کو چلانے کی لاگت عام پروازوں کی لاگت سے زیادہ ہوتی ہے۔ان پروازوں پر صرف عازمین حج ہی سوار ہوسکتے ہیں اور دوسرے کسی مسافر کو قواعد کے تحت سوار نہیں کیا جا تا ہے۔