کراچی(این این آئی) پاکستان اسٹاک مارکیٹ ایشیا کی بہترین اسٹاک مارکیٹ سے بدترین مارکیٹ میں تبدیل ہوگئی ہے۔ جنوری سے اب تک انڈیکس میں 20فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹاک مارکیٹ بینچ مارک انڈیکس جنوری میں 48240 پوائنٹس کی سطح پر تھا اور مئی میں انڈیکس تاریخ کی بلند ترین سطح 52876 پوائنٹس کی سطح پر دیکھا گیا۔اب تک انڈیکس بلند ترین سطح سے 28 فیصد کم ہوچکا ہے۔سال 2015 سے غیر ملکی سرمائے کا اسٹاک مارکیٹ سے مسلسل انخلا ہورہا ہے،
گزشتہ دو سال میں پاکستان اسٹاک مارکیٹ سے ڈیڑھ ارب ڈالر نکل چکے ہیں۔صرف 2017 میں 49 کروڑ ڈالر کے سرمائے کا انخلا ریکارڈ کیا گیا، 2016 میں اسٹاک مارکیٹ نے 46 فیصد منافع دیا تھا جبکہ اس سال ریٹرن 23 فیصد منفی ہے۔سال 2017 میں نواز شریف کی نااہلی،سیاسی ومعاشی ابتری، روپے کی قدر میں کمی جیسے عوامل اسٹاک مارکیٹ کیلئے منفی ثابت ہوئے۔