اسلام آباد(این این آئی) پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے نتیجے میں پاکستان کی عالمی اقتصادی رینکنگ بہتر ہوگئی۔عالمی جریدے فوربز کے مطابق اگرچہ سی پیک تاحال زیر تکمیل ہے تاہم اس کے باوجود پاکستانی معیشت عالمی مسابقتی رینکنگ میں کئی درجہ اوپر آگئی ٗ عالمی اقتصادی فورم کی رپورٹ میں پاکستان 7 درجہ بہتری کے ساتھ 137 ممالک میں 115 ویں نمبر پر آگیا ہے ۔ ایک سال پہلے پاکستان اس فہرست میں 122 ویں نمبر پر تھا اور 2014 میں اس کی رینکنگ 133 تھی۔
اگرچہ پاکستان کی رینکنگ دیگر ممالک کے مقابلے میں بدستور کم ہے تاہم پچھلے سال کے مقابلے میں پاکستان کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ٗ عالمی مسابقتی رینکنگ سے پتہ چلتا ہے کہ پاکستان تیزی سے ترقی کی منازل طے کررہا ہے اور زیرتکمیل انفراسٹرکچر منصوبوں کو رینکنگ میں بہتری کی وجہ قرار دیا گیا ٗ رپورٹ میں چین 27 ویں اور بھارت 40 ویں نمبر پر ہے۔واضح رہے کہ عالمی اقتصادی فورم ہر سال عالمی مسابقی رینکنگ جاری کرتا ہے کہ کسی ملک میں وہاں کے شہریوں کو ترقی و خوشحالی کے کتنے مواقع دستیاب ہیں۔