کراچی(نیوزڈیسک) عالمی صرافہ مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت میں نمایاں کمی کے بعد ملکی صرافہ مارکیٹوں میں ایک روز بعد ہی سونے کی فی تولہ قیمت48ہزار روپے سے گھٹ کر47ہزار روپے کی سطح پر واپس آگئی ۔جمعہ کو 13ڈالر کی کمی سے عالمی صرافہ مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت1219ڈالرسے کم ہو کر1206ڈالر ہو گئی جس کے بعد پاکستان کی صرافہ مارکیٹو ں میں بھی سونا سستا ہو گیا ۔آل پاکستان سپریم کونسل جیولرز ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق جمعہ کو ملکی صرافہ مارکیٹو ں میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 300روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس سے کراچی ،لاہور ،ملتان ،اسلام آباداور راولپنڈی کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت48ہزار روپے سے کم ہو کر47ہزار700روپے پر آگئی اسی طرح257روپے کی کمی سے دس گرام سونے کی قیمت 40ہزار885روپے ہو گئی جبکہ ملکی صرافہ مارکیٹوں میں چاندی کی فی تولہ قیمت 680روپے کی سطح پر بدستور برقرار رہی ۔