لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک ٗ پی پی آئی)پولیس نے اسلام آباد ٹول پلازے پر عمران خان کے قافلے کو روک لیا جس کے باعث حالات شدید کشیدہ ہو گئے ہیں۔
دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان کے گھر پر حملہ ریاستی دہشت گردی ہے، چادر اور چہاردیواری کی حرمت پامال کر دی گئی ہے، لاہور ہائیکورٹ کے احکامات ہوا میں اڑا دئیے گئے ہیں، ملک میں عدالتیں اور آئین معطل ہے انسانی حقوق پامال ہیں۔اپنے ایک بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ چیف جسٹس اسلام آباد اپنے احکامات پر عملدرآمد کروائیں، اسلام آباد کو وار زون میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام پر جبر اور ظلم ہو رہا ہے، عدالتیں خاموش نہ رہیں، وکلا اس ظلم کے مقابلے کے لیے نکلیں۔دوسری جا نب سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پی ٹی آئی جنرل سیکرٹری اسد عمر نے کہا ہے کہ چاروں طرف سے عدالت کے راستے بند کئے گئے ہیں، جن کے نام عدالتی فہرست میں ہیں ان کو بھی جانے نہیں دیا جا رہا، لگتا ہے دنیا کے نامی گرامی دہشت گرد آنے والے ہیں۔