کراچی (این این آئی)پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے اپنے متعلق ہونے والی منفی باتوں کے جواب میں خاموش رہنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہاہے کہ آپ کو ہمیشہ مثبت رہنا چاہیے۔ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 8 کے دوران میڈیا سے گفتگو کے دور ان بابر اعظم سے صحافی نے سوال کیا کہ لیگ کے دوران موجودہ اور سابق کرکٹرز کی تنقید کے باوجود وہ کس طرح پرسکون رہتے ہیں اور کوئی منفی جواب دینے سے گریز کرتے ہیں؟جواب میں قومی کپتان نے کہا کہ آپ کو ہمیشہ مثبت رہنا چاہیے تاہم یہ بھی اہم ہے کہ آپ ضرورت سے زیادہ پراعتماد یا مغرور نہ بنیں، میں ہمیشہ عاجز رہنے کی کوشش کرتا ہوں کیونکہ میں جانتا ہوں کہ میں کہاں سے آیا ہوں۔بابر اعظم نے کہا کہ میں اوپر جانا چاہتا ہوں لیکن صرف کرکٹ میں، میں ہمیشہ ہر کسی سے مسکراہٹ کے ساتھ ملتا ہوں۔