اسلام آباد (این این آئی)حالیہ نیب ترامیم سے فائدہ اٹھانے والوں کی تفصیلات بھی سپریم کورٹ میں پیش کر دی گئیں جس کے مطابق حالیہ نیب ترامیم سے فائدہ اٹھانے والوں میں وزیراعظم شہباز شریف،سابق صدر آصف زرداری، سابق وزیراعظم نوازشریف،فرزانہ راجہ، یوسف رضا گیلانی، سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق آصف زرداری کے قریبی ساتھی انور مجید اور انکے بیٹے انور مجید بھی فائدہ اٹھانے والوں میں شامل ہیں۔رپورٹ کے مطابق سابق وزیراعظم شوکت عزیز، ظفر گوندل، صادق عمرانی بھی فائدہ اٹھانے والوں میں شامل ہیں۔رپورٹ کے مطابق نواب اسلم رئیسانی، لشکری رعیسانی، اسفند یار کاکڑ کو بھی نیب ترامیم سے فائدہ پہنچا، ارباب عالمگیر، عاصمہ ارباب عالمگیر، شیر اعظم وزیر بھی نیب ترامیم سے فائدہ اٹھانے والوں میں شامل ہیں۔عمران خان کے دور حکومت میں قومی احتساب بیورو (نیب) سے متعلق ترامیم سے فائدہ اٹھانے والے ارکان پارلیمنٹ کی تفصیلات سپریم کورٹ میں پیش کردی گئیں۔بدھ کو سپریم کورٹ میں تفصیلات نیب کی جانب سے جمع کرائی گئی ہیں جن کے مطابق عمران خان کے دور میں سابق وزرائے اعظم یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف اور شوکت عزیز نیب ترامیم سے فائدہ اٹھانے والوں میں شامل ہیں۔رپورٹ میں سیف اللہ بنگش، لیاقت جتوئی، جاوید اشرف قاضی اور سابق گورنر خیبر پختونخوا سردار مہتاب عباسی کے نام موجود ہیں۔رپورٹ کے مطابق دو ترمیمی آرڈیننس کے ذریعیکئی سرکاری افسران کو بھی فائدہ پہنچا۔خیال رہے کہ عمران خان دور میں جاری ترمیمی آرڈیننس سے فائدہ اٹھانے والوں کی فہرست نیب ترامیم کیس میں جمع کرائی گئی ہے، سپریم کورٹ نے نیب ترامیم کے خلاف عمران خان کی درخواست پر سماعت کے دوران تفصیلات طلب کی تھیں۔