لاہور ( این این آئی) پاکستان ریلویز نے ڈیزل کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد گرین لائن ٹرین کے علاوہ دیگر تمام ٹرینوں کی تمام کلاسز کے کرایوں میں 8فیصد اضافہ کر دیا ۔ریلوے حکام کے مطابق ڈیزل کی قیمتوں میں حالیہ پندرہ فیصد اضافے سے
پاکستان ریلوے پر یومیہ 11.725 ملین روپے کا اضافی بوجھ پڑا ہے۔ آپریشن کی بلا تعطل فراہمی کے لیے ادارہ کے لیے کرایوں کو ریشنلائز کرنا از حد ضروری اور ناگزیر ہو چکا ہے۔ڈیزل کی قیمتوں میں پندرہ فیصد اضافے کے باوجود ریلوے انتظامیہ نے گرین لائن ٹرین کے علاوہ تمام ٹرینوں کی تمام کلاسز کرایوں میں 8فیصد اضافے کا فیصلہ کیا ہے جو کہ فوری طور پر نافذ العمل ہو گا۔ریلوے حکام نے کہا کہ پاکستان ریلویز اپنے مسافروں کی قدر کرتا ہے اور کسی بھی غیر ضروری اضافے کی کبھی حوصلہ افزائی نہیں کرتا۔ لیکن انہی کرایوں پر آپریشن سے پاکستان ریلوے پر اگلے پانچ ماہ میں 5.46 ارب روپے کا بوجھ پڑے گا جس کا ادارہ متحمل نہیں ہو سکتا۔پاکستان ریلوے اپنے معزز مسافروں سے تعاون کی امید رکھتا ہے۔