اسلام آباد(این این آئی)سپریم کورٹ میں سزائے موت کے قیدی کی نظر ثانی کی درخواست پر سماعت کے دور ان قاتل مجرم کی اپیل پر دو مقتول بھائیوں کی بہن عدالت میں رو پڑی۔ جمعرات کو جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سماعت کی۔ مقتول کی ہمشیرہ رابعہ نے کہاکہ میرے عزیز و اقارب کوئی نہیں ہیں بہت مشکل سے ساہیوال سے عدالت پہنچی ہوں،ہمیں کچھ نہیں صرف انصاف چاہیے۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے کہاکہ آپ کو سو فیصد انصاف ملے گا،یہ ہمارا کام ہے کہ ایمانداری سے فیصلہ کریں،قانون کے مطابق پورا انصاف ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ سرکار آپ کو وکیل فراہم کررہی ہے۔عدالت عظمیٰ نے کیس سے متعلق ریکارڈ طلب کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دی۔قاتل مجرم محمد اسلم نے ہائی کورٹ کی جانب سے موت کی سزا کیخلاف اپیل دائر کررکھی ہے،مجرم محمد اسلم نے ساہیوال میں دو بھائیوں کو قتل کیا تھا۔