اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک /این این آئی) افغان کرکٹر راشد خان نے آسٹریلیا کے سیریز کھیلنے سے انکار کے بعد کرکٹ آسٹریلیا کو بگ بیش لیگ کے حوالے سے دھمکی دے دی۔نجی ٹی وی جیو کے مطابق طالبان کی جانب سے خواتین پر پابندیوں کو جواز بناتے ہوئے آسٹریلیا نےافغانستان کے خلاف ون ڈےکرکٹ سیریز کھیلنے سے انکار کردیا ہے جس کے بعد افغان کھلاڑی نوین الحق نے بگ بیش لیگ چھوڑنے کا اعلان کیا
تاہم اب راشد خان نے بھی کرکٹ آسٹریلیا کو سیاست کو کھیل سے دور رکھنے کا مشوہ دیا ہے۔راشد خان نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ مجھے یہ سن کر افسردگی ہوئی کہ آسٹریلیا نے مارچ میں ہم سے سیریز کھیلنے سے انکار کردیا، میں نے اپنے ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے نمایاں کامیابی سمیٹیں اور ہم نے بین الاقوامی سطح پر بہترین کارکردگی دکھائی۔انہوں نے کہا کہ ’کرکٹ آسٹریلیا کا یہ فیصلہ اس سفر میں ہمیں پیچھے دھکیل دیتا ہے، اگر آسٹریلیا افغانستان کے ساتھ کھیلنے میں ان کمفرٹ ایبل ہے تو میں بی بی ایل میں اپنی موجودگی سے کسی کو بھی بے چین نہیں کرنا چاہتا، میں اس مقابلے میں سنجیدگی کے ساتھ اپنے مستقبل کے بارے میں سوچ رہا ہوں‘۔ کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹیو نک ہوکلے نے کہا ہے کہ طالبان کے خواتین کے حقوق سے متعلق فیصلوں کے باعث کرکٹ سیریز سے دستبردار ہونا پڑا۔نک ہوکلے نے افغانستان کے خلاف کرکٹ سیریز سے دستبرداری کے معاملے پر بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ طالبان کے نومبر اور دسمبر کے فیصلوں نے خواتین کے بنیادی انسانی حقوق میں فرق ڈالنے کے اشارے دیئے ۔ بنیادی انسانی حقوق میں فرق کی وجہ سے ہمیں دستبرداری کا فیصلہ کرنا پڑا۔نک ہوکلے نے کہا کہ افغانستان کے خلاف ون ڈے سیریز سے دستبرداری کے فیصلے کو ہم نے ہلکا نہیں لیا، اس حوالے سے حکومت سے تفصیلی مشاورت کی۔کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹیو کا کہنا ہے کہ یہ بڑی چیلنجنگ اور افسوس ناک صورتِ حال ہے۔ہم سیریز کھیلنے کے لیے پرامید تھے اور افغان کرکٹ بورڈ سے رابطے میں تھے۔واضح رہے کہ افغانستان کرکٹ بورڈ نے کرکٹ آسٹریلیا کے فیصلے کی مذمت کی تھی اور کرکٹر نوین الحق نے احتجاجاً بگ بیش لیگ چھوڑ نے کا اعلان کیا تھا۔علاوہ ازیں افغان کرکٹر راشد خان نے بھی کرکٹ آسٹریلیا کے فیصلے پر مایوسی کا اظہار کیا تھا۔