لاہور (آن لائن) نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں شاندار 161 رنز بنانے کے بعد بابر اعظم کی 82ویں ٹیسٹ اننگز کا اختتام ہوا۔ آل فارمیٹ کے کپتان نے ایک ایسے وقت میں کریز سنبھالی جب ہوم سائیڈ 3 وکٹوں پر 48 رنز پر مشکلات سے دوچار تھی
لیکن ان کی شاندار اننگز نے پاکستان کو 6 وکٹوں پر 318 رنز تک پہنچا دیا۔ دنیا بھر میں بالخصوص برصغیر میں کرکٹ کے شائقین بابر اعظم کی تمام فارمیٹس میں مستقل مزاجی کے لیے ان کا موازنہ ہندوستان کے عظیم بلے باز ویرات کوہلی سے کرتے ہیں۔تاہم، جب دونوں کرکٹرز کی پہلی 82 ٹیسٹ اننگز کے اعدادوشمار کا موازنہ کیا جائے تو بابر اعظم کو اوسط، رنز اور ففٹیز کے لحاظ سے ویرات پر برتری حاصل ہے۔ 82 ٹیسٹ اننگز کے بعد سابق بھارتی کپتان نے 45.56 کی اوسط سے 3,554 رنز بنائے جبکہ لاہور میں پیدا ہونے والے کرکٹر کے 50.43 کی اوسط سے 3,631 رنز ہیں۔دلچسپ بات یہ ہے کہ آل فارمیٹ کے کپتان کے پاس 82 ٹیسٹ اننگز کے بعد سابق بھارتی کپتان کی نصف سنچریوں اور سنچریوں کی کل تعداد سے بھی زیادہ صرف نصف سنچریاں ہیں۔ بابر اعظم کے پاس 9 سنچریاں اور 26 نصف سنچریاں ہیں جبکہ ویرات کوہلی نے اپنی 82ویں ٹیسٹ اننگز مکمل کرنے کے بعد 13 سنچریاں اور 12 نصف سنچریاں بنائیں۔