کراچی (این این آئی)انگلینڈ کے خلاف کراچی میں کھیلے جا رہے تیسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستانی اسپنرز ابرار احمد اور نعمان علی نے نئی تاریخ رقم کر دی۔تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کے آخری ٹیسٹ میں پاکستان ٹیم نے ٹیسٹ میچ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پہلے دو اوورز اسپنرز سے کروائے۔
کھیل کے پہلے روز انگلینڈ کے خلاف پہلا اوور پاکستانی اسپنر ابرار احمد جبکہ دوسرا اوور اسپنر نعمان علی سے کروایا گیا۔دوسری جانب ابرار احمد نے کراچی ٹیسٹ میں بھی پچھلے ٹیسٹ میچز کی طرح اپنی روایت قائم رکھی اور اپنے پہلے ہی اوور میں زیک کرولی کو صفر پر آٹ کیا۔پاکستان کے نوجوان اسپنر نے ملتان ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں اپنے پہلے اوور میں زیک کرالی جبکہ دوسری اننگز کے پہلے اوور میں ول جیکس کو آوٹ کیا تھا جس کے بعد کراچی ٹیسٹ میں بھی اسی روایت کو قائم رکھتے ہوئے ابرار نے زیک کرالی کو آئوٹ کیا۔یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 304 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی تھی، پاکستان کی جانب سے کپتان بابر اعظم 78 اور آغا سلمان 56 رنز بنا کر نمایاں رہے تھے۔انگلش بولرز کی جانب سے جیک لیچ نے 4، ریحان احمد نے 2 جبکہ اولی رابنسن، مارک ووڈ اور جو روٹ نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا تھا۔