ارشد شریف قتل کیس: سپریم کورٹ کے حکم پر اسپیشل جے آئی ٹی تشکیل۔اسپیشل جے آئی ٹی میں اسلام آباد پولیس، سائبر کرائم، آئی بی اور آئی ایس آئی کے نمائندے شامل ہونگے۔
اسلام آباد(این این آئی)صحافی ارشد شریف قتل کی تحقیقات کے لیے سپریم کورٹ کے حکم پر نئی اسپیشل جے آئی ٹی تشکیل دے دی گئی۔سپریم کورٹ میں ارشد شریف قتل کیس سے متعلق ازخود نوٹس کی سماعت کے دوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامر رحمان نے عدالت کے حکم پر نئی جے آئی ٹی کے مطابق پیش کیے۔عدالت کے حکم پر قائم خصوصی تحقیقاتی ٹیم میں ڈی آئی جی اسلام آباد اویس احمد شامل ہیں، اس کے علاوہ اسپیشل جے آئی ٹی میں ڈائریکٹر سائبر کرائم ایف آئی اے وقارالدین سید بھی شامل ہیں۔آئی بی سے ساجد کیانی اور ایم آئی سے مرتضی افضل اسپیشل جے آئی ٹی میں شامل کیا گیا جبکہ آئی ایس آئی سے محمد اسلم بھی اسپیشل جے آئی ٹی کے رکن ہیں۔یاد رہے کہ گزشتہ روز چیف جسٹس پاکستان نے وفاقی حکومت کی جانب سے ارشد شریف قتل کیس کی تحقیقات کیلئے قائم کی گئی جے آئی ٹی کو مسترد کرتے ہوئے نئی اسپیشل جے آئی ٹی تشکیل دینے کا حکم دیا تھا۔