اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک/ این این آئی)تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی دوست فرح خان نے عمر فاروق ظہور کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے اس شخص کو نہ کبھی دیکھا ہے اور نہ ہی ملی ہوں بلکہ ایک جھوٹا پراپیگنڈہ میرے خلاف تیار کیا گیا ہے
جسے میں مسترد کرتی ہوں ۔ انہوں نے کہا ہے اگر یہ شخص جو ٹی وی پر بیٹھ کر جھوٹ بولا رہا ہے اس کے پاس کوئی ثبوت ہے تو سامنے لے کر آئے ۔ فرح خان نے کہا میرے اوپر ذاتی حملے کیے اور کاروبار کو نشانہ بنایااور مجھ پر جھوٹا الزام لگایا۔دوسری جانب فرح خان کے شوہر احسن جمیل گجر نے نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے پروگرام ’کل تک‘ میں جاوید چوہدری کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’فرح یا میں شہزاد اکبر کو نہیں جانتے اور نہ ہی عمر فاروق کو جانتے ہیں‘۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ ہمارے لین دین والے تعلقات نہیں اور نہ ہی انہوں نے کبھی کوئی تحفہ مجھے یا فرح کو دیا۔احسن جمیل گجر نے کہا کہ ’دبئی میں جیولرز کی دکانوں پر سی سی ٹی وی کیمرے لگے ہوئے ہیں، وہ دعوے کے ساتھ فوٹیج بھی نکال کر لے آئیں، اتنی بڑی ڈیل کرنے والے شخص نے اپنے دفتر میں تو کیمرے لگائے ہی ہوں گے‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ کہانی من گھڑت اور بے بنیاد ہے، جس ملک میں رانا ثنا اللہ جیسا وزیر داخلہ ہو وہاں پر کیسز کا اللہ ہی حافظ ہے۔ میری فیملی سے متعلق جھوٹے پراپیگنڈے کیے جارہے ہیں جن میں کوئی سچائی نہیں ہے ۔ دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سابق وزیر فواد چوہدری نے گھڑی خریدنے والے بزنس مین عمر فاروق کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دی ہیں۔نجی ٹی وی کے مطابق توشہ خانہ اورقیمتی گھڑی کے
بارے حقائق بتانے پر پی ٹی آئی دھمکیوں پر اتر آئی ہے ، تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے گھڑی خریدنے والے بزنس مین عمر فاروق کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دی ہیں اور بیان واپس لینے کیلئے سخت دبائو ڈالا ہے۔ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے بزنس مین عمر فاروق کو فون کرکے بیان واپس لینے کیلئے دباؤ ڈالا اور سخت لہجے میں کہا کہ اپنا بیان واپس لیں،
اور اپنے نئے بیان میں بتائیں کہ پہلی باتیں غلطی سے کہہ دیں۔فواد چوہدری نے عمر فاروق سے کہا کہ اس کیس میں فرح خان (گوگی) اور شہزاد اکبر کا ذکر نہ کریں۔ فواد چوہدری نے بات نہ ماننے پر عمر فاروق کو سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیں۔نجی ٹی وی کے مطابق جب عمر فاروق سے رابطہ کیا گیاتو انہوں نے بھی تصدیق کی کہ انہیں نامعلوم نمبروں سے دھمکیاں مل رہی ہیں، جب کہ فواد چوہدری نے بھی فون کرکے بیان واپس لینے کی دھمکی دی ہے۔