لندن (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف اور مسلم لیگ ن کے سربراہ نواز شریف نے جلد انتخابات اور اسمبلی کی تحلیل کے مطالبے سمیت اپوزیشن جماعت تحریک انصاف کے کسی دباو میں نہ آنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
روزنامہ جنگ میں مرتضیٰ علی شاہ کی شائع خبر کے مطابق تین گھنٹوں تک جاری ملاقات میں مریم نواز اور سلیمان شہباز نے بھی شرکت کی ،وزیراعظم نے آرمی چیف کی تقرری کا سوال ٹال دیا ۔ ذرائع کے مطابق ایون فیلڈ میں ہونے والی ملاقات تین گھنٹوں تک جاری رہی جس میں نواز شریف، شہباز شریف، مریم نواز، سلیمان شہباز ، حسن اور حسین نواز سمیت خاندان کے دیگر افراد شامل رہے اور پارٹی کے کسی دوسرے رہنما کو اس ملاقات میں مدعو نہیں کیا گیا تھا۔ نواز شریف نے شہباز شریف کو ہدایت کی کہ وہ پاکستان کو معاشی بحران سے نکالنے کیلئے اپنی ہر ممکن کوشش کریں اور کسی قسم کے دباو میں نہ آئیں۔ ذرائع نے بتایا کہ دونوں بھائیوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ الیکشن اپنے مقررہ وقت پر ہونگے اور سابق وزیر اعظم عمران خان کے طے شدہ لانگ مارچ سے قانونی طور پر نمٹا جائے گا۔