عمران خان نے تسلیم کیا کہ میں جہانگیر ترین اور علیم خان کے بارے میں ٹھیک کہتا تھا، حامد خان نے ملاقات کا احوال بتا دیا
اسلام آباد (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کے پْرانے ساتھی حامد خان نے کہا ہے کہ
عمران خان نے مانا ہے کہ ان سے بہت سی غلطیاں ہوئی ہیں۔ایک انٹرویومیں حامد خان نے کہا کہ انہوں نے عمران خان کی خواہش پر اْن سے ملاقات کی،
ملاقات میں عمران خان نے مانا کہ ان سے بہت سی غلطیاں ہوئی ہیں۔حامد خان نے کہا کہ عمران نے ان سے کہا جہانگیر ترین اور علیم خان کا بہت منفی کردار رہا ہے،
انہوں نے اْن کو صحیح جج نہیں کیا، جس سے پارٹی کو نقصان ہوا۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کہا کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے معاملے میں انہیں گمراہ کیا گیا،
ان سے یہ غلطی ہوئی ہے۔حامد خان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے تسلیم کیا اسٹیبلشمنٹ کا سیاسی رول نہیں ہونا چاہیے، عمران خان نے تسلیم کیا آپ جہانگیر اور علیم خان سے متعلق صحیح کہتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی کو دوبارہ اسی نعرے پر آگے بڑھائیں گے جس طرح بنائی گئی تھی، لگتا ہے خان صاحب کو احساس ہوگیا، پرانے لوگ ہی ٹھیک تھے۔