کیف (این این آئی )یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی کی اہلیہ (خاتون اول)اولینا زیلنسکا نے پوری سنجیدگی کے ساتھ کہا ہے کہ وہ اپنے دونوں بیٹوں کے ساتھ جنگ کے بارے میں کھلے عام بات کرتی ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق انہوں نے کہاکہ وہ ملک کو بچانے کے لیے جاری جنگ میں ان کے والد سے الگ ہونے کے خدشات پر بھی بات کرتی ہیں۔
ان کا خیال ہے کہ روس کے ساتھ جنگ نے ان کے ملک کو تباہی کے دھانے پر لا کھڑا کیا ہے اور صدر زیلنسکی خاندان کو وقت نہیں دے پا رہے بلکہ وہ ملک بچانے کے لیے جدو جہد کررہے ہیں۔انہوں نے ایسا انکشاف کیا جس پر یقین کرنا مشکل ہے۔ وہ یہ کہ ان کا 9 سالہ بیٹا کیریلو اپنے والد (صدر مملکت)کو فوجی معاملات میں مشورہ دیتاہے۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا ان کا بیٹا عسکری اور سیاسی امور میں مہارت رکھتا ہے۔ وہ سب کچھ جانتا ہے۔ وہ ہمیں فوجی مشورے دیتا ہے۔ وہ ہمیں بتاتا ہے کہ ہمیں کیا خریدنا چاہیے۔ وہ اپنے والد سے ذکر کرتا ہے کہ کس قسم کے ٹینک، طیارے اور ہمیں ہیلی کاپٹر خریدنے کی ضرورت ہے اور ہمارے پاس کیا کمی ہے اور کون سے ممالک ہماری مدد کر رہے ہیں۔ وہ یہ بھی بتاتا ہے کہ کون اچھا اور کون نقصان دہ ہے۔ وہ ایک فوجی ماہر ہے۔ آپ اس کے بارے میں مہینوں تک اس سے بات کر سکتے ہیں۔