برلن(نیوز ڈیسک) جرمنی میں پناہ کے خواہش مندوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا چلا جا رہا ہے اور اندازہ لگایا گیا ہے کہ رواں برس جرمنی میں پناہ گزینوں کی تعداد 750000تک پہنچ سکتی ہے اور اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ یورپ پر پڑنے والے پناہ گزینوں کا بوجھ نامناسب طور پر سویڈن اور جرمنی برداشت کر رہے ہیں۔ ایک رپورٹ کے مطابق حکومتی ذرائع نے مقامی اخبار کو ان اعداد وشمار کے بارے میں بتایا ہے جو بدھ کے روز وزیرداخلہ تھامس ڈی مائزیری نے ریلیز کرنے ہیں اور یہ توقعات سے کہیں زیادہ ہیں۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ یورپی یونین کی سرحدی ایجنسی فرونٹکس کے مطابق اس کی سرحدوں پر گزشتہ ماہ 107500پناہ گزینوں کی نشاندہی ہوئی ہے جو جولائی 2014میں پناہ کے متلاشی افراد کی تعداد سے تین گنا زیادہ ہے۔ جرمنی میں پناہ گزینوں کی تعداد میں ہونے والا اضافہ تشویشناک ہے اور رواں برس پہلے ہی یہاں پر آنے والوں کی تعداد گزشتہ برس کے کل پناہ گزینوں سے دوگنا زیادہ ہو چکی ہے جو رواں برس کے اوائل میں لگائے جانے والے اندازوں سے بھی تین لاکھ زیادہ ہے۔ اب یورپ کی سب سے بڑی معیشت کے کئی شہروں اور قصبوں کو اس مسئلے کا سامنا ہے کہ وہ نئے آنے والے لوگوں کی رہائش اور کھانے کا انتظام کیسے کریں۔