کراچی(این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین ، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پہلے اصلاحات پھر انتخاب ، الیکشن سے راہ فرار نہیں ، عوامی مطالبہ ہے ۔ سلیکٹڈ وزیر اعظم سے نجات بیرونی سازش نہیں ، جمہوری عمل تھا ۔ سلیکٹڈ کہتا ہے کہ میرے خلاف وائٹ ہائوس میں سازش کی گئی ۔ یہ سازش وائٹ ہائوس میں نہیں بلاول ہائوس میں ہوئی۔ سلیکٹڈ دوبارہ سلیکشن کے لیے فوری الیکشن چاہتا ہے ،
کٹھ پتلی کا ہر محاذ پر مقابلہ کریں گے، ملک کو اندرونی اور بیرونی سطح پر مشکل حالات کا سامنا ہے ۔ عمران نیازی نے عدلیہ ، پارلیمان ، میڈیا اور اسٹیبلشمنٹ کو ٹائیگرز فورس بنانے کی خواہش میں ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے ۔ بحران خان کے پیدا کردہ بحرانوں سے نمٹنے کے لیے ایم کیو ایم سمیت تمام سیاسی قیادت مشاورت کے لیے تیار ہیں ، ملک کو پانی کے بحران سے نکالنے کے لیے 1991 کے معاہدے پر عمل کرنا ہو گا ۔ وفاقی حکومت آبپاشی نظام کی بہتری کے لیے سندھ بلوچستان سمیت تمام صوبوں کی مدد کرے ۔ امریکا ، چین اور عالمی برادری کے ساتھ برابری کی بنیاد پر تعلقات استوار کریں گے ۔ بھارت سے برابری کی بنیاد پر تعلقات قائم کریں گے ۔ بحران خان عالمی برادری سے بھیک مانگنے کی پالیسی پر عمل پیرا رہا ۔ ہم دنیا سے بھیک نہیں تجارتی بنیادوں پر تعلقات استوار کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث سندھ سمیت پورے ملک کو مشکلات کا سامنا ہے ، جس سے نمٹنے کے لیے فوری فیصلے کرنا ہو ں گے ۔ بلاول بھٹو زرداری نے عمران خان اور تحریک انصاف کی قیادت سے روضہ رسول ﷺکے تقدس کی پامالی پر معافی مانگنے کا بھی مطالبہ کیا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی ایئرپورٹ اولڈ ٹرمینل پر پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے تحت استقبالی جلسے سے خطاب کرتے کیا ۔ جلسے سے وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ ،
پیپلز پارٹی سندھ کے صدر سینیٹر نثار احمد کھوڑو ، پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر سعید غنی ، پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری وقار مہدی نے بھی خطاب کیا ۔ بلاول بھٹو زرداری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جیالوں کی اور جمہوریت اور کراچی کی جیت ہو چکی ہے سب کو مبارک ہو ۔ سلیکٹڈ حکومت کا خاتمہ چاروں صوبوں اور پاکستان کی جیت ہے ۔ نااہل اور نالائق ترین وزیر اعظم کو گھر بھیج کر ہم سرخرو ہو ئے ہیں ۔ تاریخ گواہ ہے کہ
پیپلز پارٹی کی جیالے جب بھی میدان میں اترتے ہیں تو کامیاب لوٹتے ہیں ۔ پیپلز پارٹی نے وقت کے آمر اور ہر آئین شکن کو چیلنج کیا ہے ۔ آمر ضیا الحق کا پیپلز پارٹی نے مقابلہ کیا ۔ پیپلز پارٹی ایم آر ڈی کی تحریک شروع کی اور آمر مشرف کے خلاف جدوجہد کی ۔ کٹھ پتلی سلیکٹڈ وزیر اعظم کو جب ملک پر مسلط کیا گیا تو پیپلز پارٹی سب سے پہلے میدان میں آئی ۔ پیپلز پارٹی روز اول سے غیر جمہوری شخص کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر کہتی رہی
کہ تم سلیکٹڈ وزیر اعظم ہو ۔ آصف علی زرداری اور پیپلز پارٹی کی قیادت نے قیدوبند کی صعوبتیں برداشت کی مگر اصولوں پر سودے بازی نہیں کی ۔ کراچی سے عوامی لانگ مارچ کے آغاز پر عمران نیازی کو متنبہ کیا تھا کہ ہمارے اسلام آباد پہنچنے سے پہلے مستعفی ہو جاو ۔ سلیکٹڈ وزیر اعظم نے ہماری بات نہیں مانی ، جس پر ہم نے تحریک عدم اعتماد لانے کا اعلان کیا ۔ غیر جمہوری سلیکٹڈ وزیر اعظم کو جمہوری طریقے سے اقتدار سے ہٹا دیا ۔
یہ بیرونی سازش نہیں یہ جمہوری عمل تھا ۔ یہ بیرونی سازش نہیں آئین اور جمہوریت کی کامیابی تھی ۔ سلیکٹڈ کہتا ہے کہ وائٹ ہاوس میں میرے خلاف سازش کی گئی ۔ وائٹ ہاوس میں بلاول ہاوس نے سازش کی ۔ یہ اصل تبدیلی ہے اور ہماری پرعزم جدوجہد ہے ۔ سلیکٹڈ وزیر اعظم کو راتوں رات نہیں بلکہ تین سالہ جدوجہد کے بعد اقتدار سے الگ کیا گیا ۔ پیپلز پارٹی نے تمام جماعتوں کو یکجا کرکے جمہوری اتحاد قائم کیا ۔ تمام سیاسی جماعتیں ایک ایکشن
پلان پر متفق ہوئیں ، جس کے بعد ملک میں حقیقی تبدیلی عمل میں آئی ۔شروع میں کسی نے تحریک عدم اعتماد لانے کی ہماری تجویز سے اتفاق نہیں کیا ۔پیپلز پارٹی کی قیادت نے تمام جماعتوں کو پارلیمان میں رہ کر حکومت کی تبدیلی کی تجویز پیش کی ۔تین صوبوں میں اقتدار ہونے کے باوجود سلیکٹڈ حکومت کو ناکامی کا سامان کرنا پڑا ۔کراچی کے عوام عمران پر اعتماد نہیں کرتے ۔ لانگ مارچ میں عوام کا ایک ہی نعرہ تھا گو سلیکٹڈ گو ۔ عوام کے
کہنے پر سلیکٹڈ وزیراعظم کی حکومت گرائی گئی ۔سلیکٹڈ حکومت کو گرانا اس لئے ضروری تھا کہ یہ عوامی نمائندہ نہیں تھی ۔ عمران حکومت کو عوام پر مسلط کیا گیا تھا ۔ اقتدار میں آکر عمران خان اپنے سارے وعدوں سے مکر گیا ۔ تبدیلی اور ایک کروڑ نوکریوں کے وعدے پورے نہیں کئے ۔ نوے دن میں دہشت گردی کے خاتمے کا وعدہ بھی وفا نہ ہوا ۔ حکومت میں آکر عمران خان نے روزگار دینے کے بجائے روزگار چھینا ۔ غریبوں سے
روزگار اور ان کی چھت چھینی ۔ کرپشن کے خاتمے کی بجائے مہنگائی میں اضافہ کیا ۔ آئین اور جمہوریت کا تحفظ کرنے کے بجائے عمران نے جمہوریت اور آئین پر حملہ کیا ۔ پاکستان کا آئین ذوالفقار علی بھٹو کی امانت ہے ۔ ہم آئین اور اٹھارویں ترمیم پر آنچ نہیں آنے دیں گے ۔ عوام کی جیب اور پیٹ پر ڈاکہ مارا گیا ۔ اس صورت حال میں خاموش رہنا ہمارے لئے ممکن نہ تھا ۔ عوامی پریشانی ، بے روزگاری ، معاشی بدحالی کے باعث ہم نے فیصلہ کن
جدوجہد کا آغاز کیا ۔ عمران نیازی نے میڈیا کو خاموش کرانے کی کوشش کی ۔ عمران خان نے ہر ادارے کی ساکھ پر حملہ کیا ۔ عمران نیازی عدلیہ ، میڈیا اور پارلیمان کو پی ٹی آئی کی ٹائیگر فورس جیسا بنانا چاہتا تھا ۔ عمران خان نے پارلیمان اور اپوزیشن کو پی ٹی آئی کی ٹائیگر فورس بنانے کی خواہش پر عمل کیا ۔ عمران خان کی توقع تھی کہ اسٹیبلشمنٹ بھی ٹائیگر فورس بن کر اسے سپورٹ کرے ۔ فوج اور آئی ایس آئی نے غیر جانبدار رہ کر ملک کو آئین
سے وفاداری نبھائی ۔ عمران کو بھگانے کے لیے پیپلز پارٹی سمیت تمام سیاسی جماعتوں نے اجتماعی جدوجہد کی ۔ عمران خان نے اتنے بحران پیدا کئے کہ اس کا نام بحران خان رکھنے پر مجبور ہوئے ۔ عمران خان نے ملک کو پے در پے معاشی ، غذائی اور پانی کے بحران سے دوچار کیا ۔ تبدیلی کے نام پر خان صاحب نے عام آدمی کا جینا محال کر دیا ۔ تبدیلی کے نام پر عوام کا معاشی قتل کیا گیا ۔ عمران کی تین سالہ حکومت نے ملک کو تاریخی نقصان پہنچا
یا ۔ اقتدار سے جاتے جاتے بھی ملک و قوم کا نقصان کر گیا ۔ عدم اعتماد سے بچنے کے لیے خان صاحب نے آئین پر حملہ آور ہونے کی کوشش کی ۔ سابق حکومت کی زیادتیوں کے ازالے کے لئے موجودہ حکومت کو عوامی فیصلے کرنا ہوں گے ۔ عمران خان ، مجھے کیوں نہیں بچایا کے باعث اب عدلیہ اور ملکی اداروں پر حملہ آور ہے ۔ یہ کس قسم کا وزیرا عظم ہے کہ معیشت کو تاریخی نقصان پہنچانے کے بعد بھی تحریک چلا رہا ہے ۔ غیر قانونی
معاشی اقدامات کے باعث خزانہ خالی کر دیا ہے ۔ اپنی انا اور ضد کے باعث ملک کو عالمی سطح پر نقصان پہنچایا ۔ ملک اس وقت جن بحرانوں کا سامنا کر رہا ہے یہ سب بحران خان کا کیا دھرا ہے ۔ پانی بحران کے باعث پورا ملک پیاسہ ہے ۔ سندھ پانی کی قلت کی وجہ سے مسائل کا سامنا کر رہا ہے ۔ جنوبی پنجاب میں چولستان اور بلوچستان میں انسان حیوان اور جنگل پیاسے ہیں ۔ ملک کو پانی کے بحران سے نکالے کے لیے 1991 کے معاہدے پر عمل کرنا
ہو گا ۔ وفاقی حکومت کو پانی بحران پر قابو پانے کے لیے بلا امتیاز تمام صوبوں کی مدد کرنی چاہئے ۔ آب پاشی نظام کو درست نہ کیا گیا تو مستقبل میں ملک کو پانی کی قلت کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ وفاقی کو جدید آب پاشی نظام کے لیے سندھ بلوچستان سمیت دوسرے صوبوں کی مدد کرنا ہو گی ۔ وفاق کی مدد کے بغیر آب پاشی کے پرانے نظام کو بہتر نہیں کیا جا سکتا ۔ کراچی اور سندھ کے ساحلی اضلاع کو پانی فراہم کرنے کے لیے وفاق کو توجہ دینا
ہو گی ۔ کے فور ہم کب سے سنتے آ رہے ہیں ، توقع ہے کہ وفاق سندھ کے ساتھ مل کر اس منصوبے کو جلد مکمل کرے ۔ پانی بجلی ، معاشی بحران سے نکلنے کے لیے قومی یکجہتی کی ضرورت ہے ۔ عالمی سطح پر گرین پاسپورٹ کی عزت کرانے کی بجائے خان صاحب نے ملکی وقار کو داو پر لگایا ۔ چین کے ساتھ تعلقات ہوں یا عالمی برادری کے ساتھ ہم برابری کی بنیاد پر تعلقات استوارکریں گے ۔ چین پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کر
سکتا ہے ۔ بھارت کے ساتھ پاکستان کے تعلقات تناو کا شکار ہیں ۔ کشمیر پر حملے کے بعد خان صاحب کو یاد آیا کہ مودی ہٹلر ہے ۔ بھارتی انتخابات کے موقع پر خان صاحب مودی کو رول ماڈل کہتے رہے ۔ خان صاحب امریکا اور بھارت کو مس کالز کرتے رہے لیکن کہیں سے جواب نہ آیا ۔ خان صاحب کی خارجہ پالیسی نے ملک کو نقصان پہنچایا ۔ انا اور ضد کی بنیاد پر خارجہ پالیسی کو چلایا گیا ، جس سے ملک کو نقصان ہوا ۔ خان صاحب کی خارجہ
پالیسی دنیا سے بھیک مانگنے کی پالیسی تھی ۔ وہ عالمی برادری سے بھیک مانگنے کی پالیسی پر عمل پیدا رہے ۔ ہماری خارجہ پالیسی ہے ہم دنیا سے بھیک نہیں تجارت مانگیں گے ۔ بھیک مانگنا ہماری کبھی پالیسی نہیں ہے ۔ ہم پرانے تعلقات کی بحالی کے ساتھ دنیا سے نئے تعلقات استوار کریں گے ۔ امریکا چین سمیت کوئی عالمی برادری کو بتائیں گے کہ پاکستانی عوام بھیک نہیں تجارت چاہتے ہیں ۔ وزارت خارجہ کے ساتھ ساتھ وزارت صنعت و پیداوار
اور دیگر وزارتوں میں بھی اصلاحات لائیں گے۔ ملک کی ترقی ،کاروبار اور صنعتی ترقی کے لیے عالمی برادری سے تعلقات استوار کریں گے ۔ اسٹیل مل کوبحالی کریں گے ، اسٹیل مل کی بحالی کے لیے یونین کے ساتھ مل کر رول ماڈل بنائیں گے ۔ اسٹیل ملز کے مزدوروں کا معاشی تحفظ کرکے مل کو چلا سکتے ہیں ۔ بے نظیر انکم سپورٹ منصوبہ غریبوں کی فلاح و بہبود کا منصوبہ ہے ۔ خان صاحب نے بے نظیر انکم سپورٹ کارڈ چھین کر منصوبہ
ختم کرنے کی کوشش کی ۔ بے نظیر انکم سپورٹ کے کارڈ ہولڈر سے ماضی کی زیادتیوں کا ازالہ کریں گے ۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے ساتھ پانی بحران سے نمٹنے کا منشور ہے ۔ موسمی تبدیلیوں کے باعث پاکستان کی معیشت کو نقصان ہو رہا ہے ۔ بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے باعث سندھ کے شہروں کو بھی مسائل کا سامنا ہے ۔ دنیا میں سب سے زیادہ گرم شہروں میں جیکب آباد اور دادو شامل ہیں ۔ ہم موسمیاتی تبدیلی سمیت دیگر مسائل سے ملک کو
نجات دلانے کی کوشش کریں گے ۔ ہم پہلے احتساب پھر انتخاب کا نعرہ نہیں لگا رہے ۔ گوگی شوگی سمیت جو اسکینڈل سامنے آ رہے ہیں ، اس کے باوجود ہم اصلاحات کا مطالبہ کرتے ہیں ۔ پیپلز پارٹی کا مطالبہ ہے کہ پہلے اصلاحات پھر انتخابات ۔ سلیکٹڈ سلیکشن چاہتا ہے ، اس کا مطالبہ ہے کہ فوری الیکشن کراو ۔ ہم آپ کا مقابلہ پہلے بھی کر چکے ہیں اور اب بھی مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں ۔ ہم نے آپ کا ہر محاذ پر مقابلہ کیا اور اب اس کٹھ پتلی
کا الیکشن میں مقابلہ کریں گے ۔ ہم سلیکشن میں نہیں خان صاحب کا الیکشن میں مقابلہ کریں گے ۔ یہ دنیا کا پہلا وزیر اعظم ہے ، جو کہتا ہے کہ میں وزیر اعظم نہیں رہا تو بہتر تھا کہ اس ملک پر ایٹم بم گر جائے ۔ پیپلز پارٹی کو دھمکی دی ہے کہ یا مارشل لا ہو گا یا الیکشن ہو گا ۔ عمران خان ملک میں ایسے حالات پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے کہ ملک میں انارکی پیدا ہو ۔ الیکشن سے پہلے اصلاحات کے منصوبے میں حرج کیا ہے ۔ غیر جمہوری
ہتھکنڈو ں اور غیر جمہوری سازشوں کا مقابلہ کریں گے ۔ کم عمر سیاست دان ہوتے ہوئے آپ نے مجھ پر بھروسہ کیا ۔ ہم آپ کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے مشکل فیصلوں کے لئے تیار ہیں ۔ تباہ حال معیشت کی بحالی کے لیے ہمارے پاس دو آپشن ہیں ۔ عوام جن مسائل کا سامنا کر رہے ہیں ایسے مسائل کا سامنا جنگ زدہ ممالک میں ہوتا ہے ۔ ملک کو معاشی بحران سے نجات دلانے کے لئے ایم کیو ایم سمیت تمام سیاسی قوتوں کے ساتھ بیٹھنے کے لیے تیار
ہیں ۔ ہم انتخابات سے فرار نہیں چاہتے بلکہ انتخابات کے لیے تیار ہیں ۔ خان صاحب رول آف لا پر یقین نہیں رکھتا ہے ، وہ پورے ملک کو ٹائیگر فورس بنانا چاہتا ہے ۔ عمران خان اور آئین شکنی میں ملوث ان کے ساتھیوں کو جواب دینا ہو گا ۔ مدینہ واقعہ پر عمران خان اور اس کے ساتھی قوم سے معافی مانگیں ۔ اداروں کے لیے عمران خان نے جو الفاظ استعمال کئے ہیں ، وہ ملک کی سلامتی کے منافی ہیں ۔ شہید بے نظیر بھٹو کی شہادت کے بعد نہ کھپے
نہ کھپے کے نعرے بلند ہو رہے تھے ۔ ان حالات میں بھی آصف زرداری نے پاکستان کھپے اور جمہوریت بہترین انتقام ہے کا نعرہ لگایا ۔ عمران خان محب وطن قیادت کو میر جعفر ، میر صادق قراردے کر ملکی سلامتی سے کھیل رہا ہے ۔ انتخابات کرا کر ملک میں عوامی حکومت قائم کریں گے ۔ فقید المثال استقبال پر پیپلز پارٹی کراچی کے کارکنان کا مشکور ہوں ۔ ملک میں جب بھی ضرورت پڑی پیپلز پارٹی کے کارکنان نے ہر شہر میں تاریخ رقم کی ۔
پیپلز پارٹی کا عوامی مارچ وہ پہلا عوامی مارچ تھا ، جو اپنے مقصد میں کامیاب رہا ۔ ۔ خارجی سطح پر ملک کو درپیش مسائل کے حل کے لیے جدوجہد کریں گے ۔ بلدیاتی انتخابات کی تیاری کے لیے کارکنان اپنی سرگرمیاں تیز کر دیں۔ بلدیاتی الیکشن میں ہر یونین کونسل میں مخالفین کا مقابلہ کریں ۔ پیپلز پارٹی کے منشور کوگھر گھر پہنچانے کے لیے کارکنان متحرک ہو جائیں ۔ وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے استقبالی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے
کہا کہ بلاول بھٹو وزیر خارجہ کا منصب سنبھالنے کے بعد پہلی بار کراچی آئے ہیں ۔ عوام کا اصرار تھا کہ بلاول بھٹو کا پرتپاک استقبال کیا جائے ۔ ایئرپورٹ سے اسٹارگیٹ تک عوام کا جم غفیر چیئرمین کا خطاب سننے کے لیے موجود ہے ۔ پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن اور جیالوں کو چیئرمین کے پرتپاک استقبال پر مبارکباد دیتا ہوں ۔ چیئرمین کی مسکراہٹ سے ثابت ہو گیا کہ ہماری محنت ضائع نہیں گئی ۔ سندھ صوبے کے ساتھ ماضی کی حکومت نے زیادتیاں
کیں ۔ سندھ کے وسائل پر قبضہ کرکے ہمیں ترقیاتی کام نہیں کرنے دیئے گئے ۔ وفاقی حکومت کی تبدیلی کے بعد ہماری کوشش ہے کہ عوامی مشکلات کا ازالہ کریں ۔ سندھ کے عوام اور سندھ حکومت اپنی قیادت کی طرف دیکھ رہی ہے ۔ بلاول بھٹو کی قیادت میں سندھ حکومت عوامی بھلائی کے کام کرتی رہے گی ۔ وزیر اعلی سندھ نے اپنی تقریر کے اختتام پر بلاول بھٹو کے حق میں نعرے لگوائے پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر اور سینیٹر نثار احمد
کھوڑو نے استقبالی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو نے کراچی سے لانگ مارچ کا آغاز کرکے سلیکٹڈ حکومت کے خاتمے کا عزم کیا تھا ۔ بلاول بھٹو نے ہمیں اس آئین شکن حکومت سے نجات دلائی ، جس نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا تھا ۔ میں اور عوام آپ کو وزیر اعظم دیکھنا چاہتے ہیں ۔ بلاول بھٹو کو وزیر اعظم بنا کر دنیا کو بتائیں گے کہ پیپلز پارٹی کی قیادت کا نام کوئی نہیں مٹا سکتا ۔ ملکی تاریخ میں پہلی بار تحریک عدم اعتماد
کے ذریعہ آئین شکن وزیر اعظم کو گھر بھیجا گیا ۔ پیپلز پارٹی کی قیادت نے جمہوری طریقہ کار اختیار کرتے ہوئے عوامی جدوجہد کو کامیابی سے ہمکنار کیا ۔ عمران نیازی رونا بند کرو ، اپنے آپ کو بھٹو سے تشبیہہ دینا بند کرو ۔ حکومت چھن جانے کے بعد نیازی واویلہ کر رہا ہے اور ملکی سلامتی پر حملہ آور ہے ۔ شہید بے نظیر بھٹو کی شہادت کے بعد پیپلز پارٹی نے مثالی صبر وتحمل کا مظاہرہ کیا ۔ آصف علی زرداری کو سلام ہے ،جس غم و اندوہ میں بھی پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا ۔ بلاول بھٹو شہید بے نظیر کا بیٹا ہے ، وزیر اعظم کی حیثیت سے وہ عوامی توقعات پر پورا اترے گا ۔