اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک/این این آئی )حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانافضل الرحمان نے دعویٰ کیا ہے کہ اتحادی حکومت کے ساتھ نہیں رہے۔
پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ایم کیو ایم پاکستان کو اپوزیشن میں شمولیت کی دعوت دی ہے۔انہوں نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے لیے ایم کیو ایم کا ساتھ چاہیے، جمہوریت کے لیے ایم کیو ایم کا کردار ہمیشہ سے اہم رہا ہے۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ایم کیو ایم کے تمام خدشات دور کرنے کے لیے تیار ہیں۔پی ڈی ایم کے سربراہ نے کہا کہ حکمرانوں کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش ہوچکی ہے، موجودہ حالات پر اپوزیشن اور ایم کیوایم میں مکمل ہم آہنگی پائی جاتی ہے، ایم کیو ایم دفتر سے مطمئن ہوکرجا رہا ہوں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان تنہا ہو چکے ہیں، عمران خان اور ان کی جماعت کے لوگ غیر مناسب تقاریر کرتے ہیں، پی ٹی آئی والے سر تا پاں تک منکرات سے بھرے ہوئے ہیں، عدم اعتماد کی تحریک کی کامیابی یقینی ہے۔















































