پشاور(این این آئی)رکن خیبرپختونخوا سمبلی اور چیئرپرسن خواتین پارلیمانی کاکس خیبر پختونخوا اسمبلی ڈاکٹر سمیرا شمس نے پاکستان کیلئے بین الاقوامی اعزاز حاصل کرلیا۔ پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والی ڈاکٹر سمیرا شمس دنیا کے ان پانچ نوجوان سیاست دانوں میں شامل ہو گئی ہیں جنہیں ون ینگ ورلڈ نے ایوارڈ دیا ہے۔ واضح رہے کہ اس عمل میں
دنیا بھر سے15نوجوان سیاستدانوں کو شارٹ لسٹ کیا گیا تھا۔ ایم پی اے ڈاکٹر سمیرا شمس کو ون ینگ ورلڈ کی جانب سے سال کے بہترین 5 نوجوان سیاست دانوں کی فہرست میں شامل کر لیا گیا ہے جس سے دنیا میں پاکستان کے مثبت تشخص کو فروغ ملے گا۔ پاکستان سے ڈاکٹر سمیرا شمس کے علاوہ یہ ایوارڈ آئس لینڈ، پانامہ، نائیجیریا اور امریکا کے نوجوان سیاستدانوں کو بھی دیا گیا جنہوں نے عالمی سیاست میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ یہ ایوارڈ ایم پی اے ڈاکٹر سمیرا شمس کو ان کی شاندار کارکردگی اور خواتین کی صحت، انسانی حقوق، تعلیم، معیشت، خواتین کے حقوق اور اقلیتی برادری کیلئے کام کرنے پر دیا گیا۔ ڈاکٹر سمیرا شمس معاشرے کے پسماندہ طبقات کی بہتری کیلئے پرجوش ہیں۔ خواتین کی پارلیمانی کاکس، خیبرپختونخوا اسمبلی کی چیئرپرسن کی حیثیت سے پاکستان میں سماجی کام کے اہداف، صنفی مساوات اور پائیدار ترقی کے حصول کیلئے قومی، صوبائی اور بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر سمیرا شمس نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف واحد جماعت ہے جو دنیا میں پاکستان اور اسلام کے مثبت تشخص کو بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان تیزی سے ترقی کر رہا ہے اور انشا اللہ کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ سب پاکستان تحریک انصاف اور وزیراعظم عمران خان کی ولوالہ انگیز قیادت اور رہنمائی سے ممکن ہوا۔















































