کراچی (آئی این پی)سینیٹ کی نشست پر پی ٹی آئی کے چار ممبران کے پی پی امیدوار کو ووٹ دینے کے معاملہ پر پی ٹی آئی کے سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر خرم شیر زمان نے وزیراعظم عمران خان کو خط ارسال کردیا۔
خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ ایم پی اے کریم بخش گبول اور دیوان سچل کی پارٹی رکنیت ختم کی جائے، خرم شیر زمان نے لکھا کہ پی ٹی آئی نے سندھ اسمبلی میں سینیٹ کی نشست کے انتخابات پر بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا۔متن میں کہا گیا ہے کہ بحیثیت پارلیمانی لیڈر میں نے 8مارچ بروز منگل سینیٹ کے حوالے سے اجلاس طلب کیا تھا، اجلاس میں انتخابات کے بائیکاٹ کے حوالے سے اہم فیصلے طے پائے تھے۔خرم شیر زمان نے خط میں لکھا کہ کریم بخش گبول اور دیوان سچل پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر منتخب ہوئے ہیں، ان دونوں ارکان نے پیپلز پارٹی کے امیدوار کے حق میں سینیٹ کی نشست کیلئے ووٹ کاسٹ کیا ہے،خط کے متن کے مطابق دونوں ارکان کی جانب سے آئین کے آرٹیکل 63اے کی خلاف ورزی کی گئی ہے لہذا دونوں ارکان کی پارٹی رکنیت معطل کی جائے۔