کیف (این این آئی)یوکرین کے صدر ولودو میر زیلینسکی نے روسی حملوں کے بعد ملک سے انخلا کی امریکی پیشکش کو ٹھکرا کر ناصرف اپنی قوم میں بلکہ عالمی سطح برادری کا بھی دل جیت لیا تھا۔زیلینسکی نے دارالحکومت کیف سے انخلا میں مدد کے لیے امریکا کی طرف سے پیشکش کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ مجھے ہتھیاروں کی ضرورت ہے، بھاگنے کے لیے سواری کی نہیں۔
جیسے جیسے یوکرین اور روس کی جنگ میں شدت آرہی ہے یوکرین کے صدر زیلینسکی کی مجموعی مالیت کے بارے میں بھی قیاس آرائیوں نے شدت اختیار کر لی ہے۔سوشل میڈیا پر زیر گردش خبروں کے مطابق سابق مزاحیہ اداکار اور یوکرین کے موجودہ صدر کے مجموعی اثاثوں کی مالیت 1.5 بلین ڈالر ہے تاہم غیر ملکی میڈیا کے مطابق زیلینسکی کے گھر اور گاڑیوں کی مالیت کا تخمینہ تقریباً 1.5 ملین ڈالر تک ہے۔یوکرینی حکام کے مطابق یوکرینی صدر کے اثاثوں کی مالیت 1.5 ارب ڈالر بتانے والے ٹوئٹس زیلینسکی اور یوکرین کی حمایت کو کمزور کرنے کی کوشش تھیں۔مشہور شخصیات کے اثاثوں کا تخمینہ لگانے والی ویب سائٹ ‘سیلیبریٹی نیٹ ورتھ’ کی رپورٹ کے مطابق زیلینسکی کی اثاثوں کی مجموعی مالیت 1.5 ملین ڈالر ہے۔رپورٹ کے مطابق زیلینسکی کے امیر ہونے میں ان کے بطور کامیڈین اداکاری کا اہم کردار ہے، انہوں نے ماضی میں روسی زبان کی فلموں میں بھی اداکاری کی جس میں ‘لو ان دی بگ سٹی’، ‘آفس رومانس’ اور ‘8 فرسٹ ڈیٹس’ شامل ہیں۔یوکرینی، روسی اور انگریزی زبان پر مکمل عبور رکھنے والے یوکرینی صدر نے بطور وائس اوور آرٹسٹ بھی مقبول فلموں میں کام کیا۔یوکرین کے صدر کے طور پر زیلینسکی کے موجودہ کردار سے وہ سالانہ صرف 28 ہزار یوکرینی ہریونا (930 ڈالر ماہانہ) کماتے ہیں اور اس طرح زیلنسکی کی سالانہ آمدنی 11 ہزار امریکی ڈالر ہے۔