لاہور(این این آئی )مسلم لیگ(ن) کی رکن پنجاب اسمبلی حناپرویز بٹ نے کہا ہے کہ عمران خان کواپنا نام تبدیل کرکے ”تباہی خان”رکھ لینا چاہیے،پی ٹی آئی نے پاکستان کو تباہی اور بربادی کے علاوہ کچھ نہیں دیا،عمران خان نوازشریف کی جگہ وزیراعظم لگ سکتے ہیں لیکن نوازشریف جیسے
لیڈر نہیں بن سکتے۔اپنے بیا ن میں انہوںنے کہاکہ نوازشریف نے پاکستان کو اسلامی دنیا کا ہیرو بنایا اور عمران خان نے پاکستان کو اسلامی دنیا میں تنہا کردیا ہے۔انہوں نے کہا پاکستان کو اس نہج تک پہنچانے میں جتنا ہاتھ عمران خان کا ہے اتنا ہی اسکے اتحادیوں کا ہے۔اتحادیوں کے بیساکھیوں کے سہارے عمران خان پاکستان کو دیوالیہ کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔آج پاکستان میں مہنگائی،بیروزگاری اور غربت تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہیں ۔اسکے ذمہ دار عمران خان اور انکی نالائق ٹیم ہے۔معیشت کے جھوٹے اعداد و شمار پیش کرکے شوکت ترین اور عمران خان قوم کا پیٹ نہیں بھر سکتے۔غریب آج دو وقت کی روٹی کو ترس رہا ہے اور تبدیلی سرکار قوم کا پیسہ صحت کارڈ کی تشہیر پر پانی کی طرح بہا رہی ہے۔