اوکاڑہ(این این آئی)اوکاڑہ کے ایک نواحی گاؤں 33 فور ایل میں محنت کش باقر کی 17 سالہ بیٹی آمنہ بی بی کو بگڑے رئیس زادوں نے گن پوائنٹ پر اغوا کے بعد 3 روز تک اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق اوکاڑہ کے شاہبھور پولیس اسٹیشن کی حدود میں ایک
محنت کش باقر کی جوان بیٹی کو مقامی بگڑے رئیس زادوں نے اغوا کر کے زندگی برباد کر دی۔ملزمان نے لڑکی کو تین دن تک زیادتی کا نشانہ بنایا، اور پھر چھوڑ دیا تاہم اس کے بعد لڑکی کے والد کو بلیک میل کر کے رقم بھی وصول کرتے رہے، معلوم ہوا کہ ملزمان نے لڑکی کی نازیبا ویڈیوز اور تصاویر بھی بنا لی تھیں، جن کے ذریعے غریب گھرانے کو بلیک میل کیا جاتا رہا۔محنت کش باقر نے پولیس کو بتایا کہ ان سے ایک لاکھ روپے لیے جا چکے ہیں اور مزید 4 لاکھ روپوں کا تقاضا کیا جا رہا ہے، پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا، تاہم واقعے میں ملوث با اثر ملزمان کے دباؤ پر اعلیٰ افسران کی جانب سے تفتیش کو تبدیل کر دیا گیا۔متاثرہ لڑکی کی والدہ نے ایک ویڈیو میں الزام لگایا کہ ان کی بیٹی کو منظور اور رضوان نے گن پوائنٹ پر اس وقت اغوا کیا جب وہ انھیں کھیتوں میں کھانا پہنچانے آ رہی تھی۔متاثرہ خاندان نے انصاف کے لیے وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔