لاہور( این این آئی)شدید دھند کے باعث بابو صابو موٹروے پر 6 گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں دو خواتین سمیت 3 افراد جاں بحق اور دس زخمی ہوگئے،وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے بابو صابو انٹر چینج کے قریب ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے
ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ ریسکو ترجمان کے مطابق موٹروے پر مسافر گاڑی دھند کی وجہ سے ٹرالے میں جا لگی جس کے نتیجے میں 2 نا معلوم خواتین اور ایک مرد بختاور ولد امانت سکنہ رائیونڈ موقع پر جاں بحق ہو گئے ۔ دھند کے باعث چھ گاڑیاں آپس میں ٹکرائیں جس کے نتیجے میں 10افراد زخمی بھی ہوئے ۔ریسکیو ٹیموں نے جاں بحق افرادکو مردہ خانے جبکہ زخمیوںکو ابتدائی طبی امداد کے بعد ہسپتال منتقل کر دیا ۔ بتایا گیا ہے کہ حادثے میں بعض گاڑیاں پچک گئیں اور لوگوں کو گاڑیاں کاٹ کر باہر نکالا گیا ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے موٹروے پر حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیاہے ۔ وزیراعلی عثمان بزدار نے حادثے کے بارے میں رپورٹ طلب کرتے ہوئے زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔