جہلم، اسلام آباد(این این آئی)تحصیل دینہ میں پکنک پر جانے والی طالبات کی گاڑی بے قابو ہوکر پل سے نیچے گر گئی، جس کے نتیجے میں 2 طالبات اور ایک خاتون ٹیچر موقع پر ہی جاں بحق ہوگئیں ۔ اطلاعات کے مطابق ضلع جہلم کی تحصیل دینہ میں جی روڈ پر لاہور سے مری جانے والی مسافر کوچ پل سے نیچے ریلوے ٹریک پر جاگری، جس کے نتیجے
میں دو طالبات سمیت ایک ٹیچر جاں بحق اور 25 مسافر زخمی ہوگئے۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اور پولیس کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور لاشوں اور زخمیوں کو دینہ اور جہلم ہسپتال منتقل کردیا گیا، ہسپتال ذرائع کے مطابق 4 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔واقعے میں زخمی ہونے والے مسافروں نے نے بتایا کہ مسافر کوچ نجی اسکول کے طلباء کا ٹرپ لے کر لاہور سے مری جارہی تھی، جی ٹی روڈ دینہ کے قریب اوور ٹیک کرتے ہوئے ڈرائیور سے گاڑی بے قابو ہوکر پل سے نیچے ریلوے ٹریک پر جاگری، حادثے میں دو طالبات اور ایک خاتون ٹیچر موقع پر دم توڑ گئی تھیں۔دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے دینہ میں لاہور کے نجی سکول کی ٹرپ کوسٹر کو پیش آنے والے حادثہ پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ حادثہ میں جاں بحق ہونے والے ٹیچر اور طالبات کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ معصوم بچوں کے ساتھ پیش آنے والے واقعہ افسوسناک ہے، حادثہ
میں جاں بحق ہونے والے ٹیچر اور طالبات کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ حادثہ میں جاں بحق ہونے والوں کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے، (آمین)۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے حادثہ میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔