قاہرہ(این این آئی)مصر میں حکام نے بدھ کے روز ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے ملک بھر میں مساجد کے اندر عطیات یا خصوصی بکسوں کے ذریعے مالی رقوم جمع کرنے پر
پابندی عائد کر دی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق وزارت اوقاف کے نوٹفکیشن میں کہا گیا ہے کہ فیصلے کے اجرا کے 10 روز کے اندر مساجد کے اندر سے عطیات اور چندے کے خصوصی بکسوں کو ہٹا دیا جائے۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف تادیبی کارروائی ہو گی۔وزارت کے ترجمان کے مطابق فیصلے کا اطلاق تمام سرکاری مساجد پر ہو گا۔ استثنا حاصل کرنے والی مساجد کے ناموں اور ان میں بکسوں کی تعداد کے حوالے سے فیصلہ آئندہ چند روز میں سامنے آ جائے گا۔مصری وزیر اوقاف ڈاکٹر محمد مختار جمعہ نے ایک بیان میں بتایا کہ ان کی وزارت بینکوں کے ساتھ مل کر بعض وسائل پر غور کر رہی ہے جن کو عطیات کے واسطے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اس کا مقصد عطیات کی رقوم کے حوالے سے اعلی درجے کی شفافیت اور نگرانی کو یقینی بنانا ہے۔