ابوظہبی (مانیٹرنگ ڈیسک) افغانستان نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس کے جواب میں بھارتی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز کے اختتام پر دو کھلاڑیوں کے نقصان پر 210 رنز بنائے اور افغانستان کو بڑا ہدف جیتنے کے لئے دیا، اس میچ پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر حیرت انگیز طور پر الزام لگایا جا رہا ہے کہ بھارت اور افغانستان کے درمیان میچ فکسڈ ہے
جو ٹوئٹر پر ٹرینڈ بن گیا ہے۔ فلک شیر نامی ایک صارف نے لکھا کہ یہ میچ فکسڈ ہے بی سی سی آئی نے غریب افغان کھلاڑیوں میں کیس تقسیم کیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کی ٹیم صرف گیند پھینک رہی ہے، کوئی توانائی اور کوئی سوئنگ نہیں اور نہ ہی کوئی سٹرٹیجی ہے۔ ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ افغانستان بڑے مارجن سے یہ میچ ہارے گا تاکہ انڈیا کو سیمی فائنل میں پہنچنے کے لئے آسانی ہو، مزید کہا کہ یہ میچ فکسڈ ہے۔ واضح رہے کہ بھارت نے افغانستان کو ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا ہدف دے دیا ہے، ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے 33 ویں میچ میں افغانستان نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، بھارت کی جانب سے کے ایل راہول اور روہت شرما نے اننگ کا آغاز کیا، دونوں نے شاندار ھیل کا مظاہرہ کیا، دونوں کی پارٹنر شپ میں 140 رنز بنے، روہت شرما نے 74 رنز بنائے اور کریم جنت کی گیند پر محمد نبی کو کیچ دے بیٹھے۔ ان کی اننگ میں 3 چھکے اور 8 چوکے شامل تھے، کے ایل راہول نے 69 رنز بنائے وہ گلبدین نائب کے ہاتھ آؤٹ ہوئے۔ پنت اور ہاردک پانڈیا نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا اور انتہائی تیزرفتاری سے رنز بنائے اور بھارت کے سکورکو 210 تک پہنچا دیا،پنت نے 13 گیندوں پر 27 رنز اور اس میں چھ چھکے شامل ہیں، ہاردک پانڈیا نے 13 گیندوں پر 35 سکور بنایا، دونوں کھلاڑی ناٹ آؤٹ رہے،
اس طرح بھارت نے افغانستان کو جیتنے کے لئے 211 رنز کا ہدف دے دیا ہے۔ افغانستان کی جانب سے آج کوئی باؤلر بھارتی بلے بازوں کو پریشان نہ کر سکا، گلبدین نائب اور کریم جنت نے بھارت کے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ واضح رہے کہ بھارت اس سے قبل پاکستان اور نیوزی لینڈ سے شکست کھا چکا ہے اور اگر بھارت نے سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل رہنا ہے تو یہ میچ اس کے لئے جیتنا بہت ضروری ہے۔