کراچی(این این آئی)سستا آٹا سندھ سیکریٹریٹ میں سرکاری ملازمین کوفروخت کردیا گیا،کراچی میں سستے آٹے کے لیے لوگ مارے مارے پھرتے رہے،ضلعی انتظامیہ نے سستے آٹے کے ٹرک سندھ سیکریٹریٹ کے اندرپارک کرادیے،تحریک انصاف نے واقعہ پرشدید احتجاج کیا ہے۔
سندھ سیکریٹریٹ میں صوبائی وزرا کے ملازمین کو رعایتی قیمتوں پر آٹا فروخت کرنے کے انکشاف پرپی ٹی آئی کے سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈربلال غفار کا کہنا ہے کہ سندھ سیکریٹریٹ کے ملازمین کیلئے آٹاسستا اور عام آدمی کیلئے مہنگا ہے،خدا ہی جانے سندھ حکومت اور محکمہ خوراک کی عام شہریوں سے کیا دشمنی ہے،55 روپے کلو آٹے کا ٹرک سیکریٹریٹ جاسکتا ہے تو شہریوں تک کیوں نہیں جاسکتا؟ انہوں نے کہاکہ سندھ حکومت کی وجہ سے پورا شہر مہنگا آٹا کھانے پر مجبور ہے،محکمہ خوراک کی لاپرواہی سے 2018-19 میں خریدی گئی900 گندم کی بوریاں ضائع ہوئیں،سندھ حکومت اپنے ڈی سیز کے زریعے عوام تک سستا آٹا پہنچائے،پیپلز پارٹی نے ڈی سیز کو صرف اپنی غلامی کرنے کیلئے لگایا ہے،حکومت کا شہریوں سے دوغلہ سلوک افسوسناک ہے۔