اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم کے ترجمان و معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے منی لانڈررز کو نکیل ڈالنے کے ساتھ گرے لسٹ سے نکلنے کیلئے بہترین اقدامات کئے،
ماضی کے حکمران منی لانڈرنگ کے خلاف اقدامات کے بجائے خود اس میں ملوث رہے، آئی ایم ایف سے قرض پر قرض لے لے کر ذاتی جیبیں بھری گئیں۔ پیر کو مریم اورنگزیب کے بیان پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے منی لانڈررز کو نکیل ڈالنے کے ساتھ گرے لسٹ سے نکلنے کیلئے بہترین اقدامات کئے۔ انہوں نے کہا کہ فیٹف نے اعتراف کیا کہ پاکستان نے 34 میں سے 30 نکات پر وسیع طور پر عملدر آمد کر لیا ہے، فیٹف سربراہ نے گرے لسٹ سے نکلنے کیلئے حکومتی عزم کا بھی اعتراف کیا ہے۔ ڈاکٹر شہباز گِل نے کہا کہ ملک منی لانڈرنگ اور کالے دھن کو کنٹرول نہ کرنے کے جرم میں گرے لسٹ میں گیا، ماضی کے حکمران منی لانڈرنگ کے خلاف اقدامات کی بجائے خود اس میں ملوث رہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ہوتے ہوئے ہی فیٹف سے نکلنے کی امید پیدا ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ میاں مفرور گرے لسٹ میں جانے کا باعث بنے، آئی ایم ایف سے قرض پر قرض لے لے کر ذاتی جیبیں بھری گئیں۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کے جعلی ارسطوئوں نے معیشت کے ساتھ ساتھ ملک کا بھی دیوالیہ نکالا۔