کابل(این این آئی)افغانستان کی نئی طالبان حکومت نے امریکا اور یورپ کے ایلچیوں کوخبردارکیا ہے کہ پابندیوں کے ذریعے ان پر دبا ئوڈالنے کی مسلسل کوششوں سے
ملکی سلامتی کو نقصان پہنچے گا اوراس سے بہتر معاش کی تلاش میں مغربی ممالک کا رخ کرنے والے افغان پناہ گزینوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق طالبان کے قائم مقام وزیرخارجہ امیرخان متقی نے دوحہ میں مغربی سفارت کاروں کو بتایا کہ افغان حکومت کو کمزور کرنا کسی کے مفاد میں نہیں ہوگاکیونکہ اس کے براہ راست منفی اثرات ملک کی سلامتی پر مرتب ہوں گے اورروزگار کے لیے نقل مکانی میں اضافہ ہوسکتا ہے جس سے پوری دنیا متاثر ہوسکتی ہے۔افغان ترجمان کے بیان کے مطابق، امیرخان متقی نے دوحہ میں اجلاس میں کہاکہ ہم عالمی ممالک پرزوردیتے ہیں کہ وہ موجودہ پابندیوں کو ختم کریں اور بنکوں کو معمول کے مطابق کام کرنے دیں تاکہ حکومت ،خیراتی گروپ اور تنظیمیں بیرون سے ملنے والی مالی امداد سے اپنے عملہ اورملازمین کو تنخواہیں ادا کر سکیں۔