لندن (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان انگلینڈ سیریز منسوخی کا تنازع انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کو لے ڈوبا۔ برطانوی میڈیا کے مطابق آئن واٹمور نے چیئرمین کرکٹ بورڈ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ۔ برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ آئن واٹمور کے عہدے کی مدت 5 سال تھی تاہم
آئن واٹمور صرف 10 ماہ عہدے پر فائز رہے ۔برطانوی میڈیا کے مطابق پاکستان انگلینڈ سیریز منسوخی کی وجہ سے وہ دبا ئوکا شکار تھے ، وہ بورڈ آف ڈائریکٹرز سے مشاورت کے بعد باہمی رضا مندی سے عہدے سے مستعفی ہوئے ہیں۔یاد رہے کہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم نے رواں ماہ پاکستان کا دورہ کرنا تھا لیکن نیوزی لینڈ کی جانب سے دورہ ملتوی کیے جانے کے بعد انگلینڈ نے بھی یکطرفہ طور پر دورہ ملتوی کردیا تھا جس کے بعد سابق انگلش کرکٹرز سمیت حکومت کی جانب سے بھی اس فیصلے پر سخت تنقید کی گئی تھی۔انگلینڈ کے اس فیصلے پر دنیا بھر کی کرکٹ سے وابستہ شخصیات نے بھی تنقید کی اور خاص طور پر انگلینڈ کو اس بات پر تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے کہ جب انگلینڈ میں کورونا کی بدترین صورتحال تھی تو پاکستان نے انگلینڈ کا دورہ کیا تھا لیکن بدلے میں انگلینڈ نے ضرورت کے وقت پاکستان کی مدد نہیں کی۔