کراچی (این این آئی) پاکستان کے معروف اداکار اور کامیڈی کے بے تاج بادشاہ عمر شریف کی میت جرمنی سے پاکستان روانہ کردی گئی ہے،اہل خانہ کے مطابق میت آج بدھ کی صبح 06:45 بجے کراچی پہنچے گی،عمرشریف کی نماز جنازہ(آج)بدھ کو
عمر شریف پارک کلفٹن میں 3 بجے ادا کی جائے گی۔ سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے مولانا بشیر فاروقی کی امامت میں نمازہ جنازہ ادا کی جائے گی اورحضرت عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے احاطے میں دفن کیا جائے گا۔اداکارعمرشریف کا جسد خاکی ترکش ایئرویز کی شیڈول کی پرواز ٹی کے 1634 جرمنی کے مقامی وقت کے مطابق سہ پہر 3 بجکر 16 منٹ پر میونخ ایئرپورٹ سے براستہ اسنتبول پاکستان کے لیے روانہ کردیا گیا ہے ترکش ایئر کی پرواز میں اداکار عمر شریف کی بیوہ زرین غزل بھی میت کے ساتھ پاکستان کے لیے روانہ ہوگئی ہیں،ایوی ایشن ذرائع کے مطابق شیڈول فلائٹ مقامی وقت کے مطابق شام 6:50 بجے استنبول پہنچے گی اوروہاں سے ترکش ایئر کی پرواز پی کے 708 استنبول سے منگل کی رات 10:30 بجے کراچی کیلئے روانہ ہوگی اور اداکار عمر شریف کا جسد خاکی بدھ کی صبح 06:45 بجے کراچی پہنچے گا۔عمرشریف کے صاحبزادے جواد عمرنے بتایا کہ آج بدھ کی صبح والد کی میت کراچی پہنچا دی جائے گی، میت گلشن اقبال میں گھر پر لائی جائے گی اور نماز جنازہ بدھ کی سہ پہر تین بجے عمر شریف پارک کلفٹن میں ادا کی جائے گی، مولانا بشیر فاروقی والد کی نماز جنازہ پڑھائیں گے۔جواد عمرنے والد کے مداحوں اوربہی خواہوں سے نماز جنازہ میں شرکت اور مغفرت کی دعا کی درخواست کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت عبداللہ شاہ غازی مزار کے احاطہ میں قبر تیارکرلی گء ہے، والد کی تدفین عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے احاطے میں شیخ لیاقت کمپائونڈ میں کی جائے گی۔جواد شریف نے وفاق اور سندھ حکومت سمیت تمام اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میرے والد محب وطن شخص تھے، والد کو پاکستان سے عشق تھا۔علاوہ ازیں عمر شریف کی میت کے وطن پہنچنے کے حوالے سے سول ایوی ایشن پاکستان نے بھی غیرمعمولی انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے ۔ دوسری جانب عمرشریف کا جسد خاکی سرد خانے میں رکھوانے کے سلسلہ میں بھی انتظامات کیے گئے ہیں۔