اسلام آباد (این این آئی)پارلیمانی سیکرٹری برائے قومی صحت ڈاکٹر نوشین حامد نے کہا ہے کہ حکومت نے پیر 13ستمبر سے 15 سے 18 سال کے نوجوانوں کے لئے کورونا ویکسینیشن کا عمل شروع کر دیا ہے، 18 سال سے کم عمر کے نوجوان اپنے (ب) فارم نمبر کے ذریعے
ویکسینیشن کے لئے رجسٹریشن کروا سکیں گے۔ ایک انٹرویومیں انہوں نے کہا کہ این سی او سی پہلے ہی 15 سے 18 سال کی عمر کے بچوں کے لیے فائزر ویکسین کے ہنگامی استعمال کی منظوری دے چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو لازمی طور پر ویکسین لگوانی چاہیے اور اپنی اور اپنے پیاروں کی صحت کو محفوظ رکھنے کے لئے حکومت کی جانب سے جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ویکسین کی کوئی کمی نہیں ہے، ویکسین کا بہت بڑا ذخیرہ دستیاب ہے اور جلد ہی ویکسین کی مزید کھیپ پہنچ جائے گی۔ ڈاکٹر نوشین حامد نے کہا کہ محکمہ صحت نے موبائل کوویڈ۔19 ویکسینیشن وینز کا اہتمام کیا ہے جس کا مقصد کچی آبادیوں، سکولوں اور کالجوں میں ویکسینیشن کوریج میں اضافہ کرنا ہے، یہ موبائل وین کچی آبادیوں پر توجہ مرکوز کریں گی اور 18 سال سے کم عمر کے نوجوان موقع پر ہی اپنی رجسٹریشن کروا کر ویکسینیشن کی خوراک حاصل کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دارالحکومت میں تقریبا 71 فیصد آبادی کو کامیابی سے ویکسین دی جا رہی ہے، اگر ویکسینیشن کا عمل اسی رفتار سے جاری رہا تو تمام اہل آبادی کو آنے والے مہینوں میں کورونا وائرس کی ویکسین مل جائے گی۔ ایک سوال کے جواب میںانہوں نے کہا کہ کورونا کے مثبت کیسز کا تناسب ابھی بھی زیادہ ہے لیکن طبی ماہرین کا خیال ہے کہ ملک کی زیادہ سے زیادہ آبادی کی ویکسینیشن کے ذریعے کیسز کی تعداد میں کافی حد تک کمی آ جائے گی۔