کابل، دوحہ(این این آئی)افغانستان کی عبوری حکومت میں غیرطالبان اراکین کو بھی شامل کیے جانے کا امکان ہے ۔میڈیارپورٹس کے مطابق ترجمان افغان طالبان سہیل شاہین کا کہنا تھا کہ افغان عبوری حکومت میں غیرطالبان اراکین کو بھی شامل کیا جاسکتا ہے۔سہیل شاہین نے کہا کہ
طالبان کی متعدد افغان رہنماں سے بات چیت جاری ہے، غیر طالبان اراکین کو اعلی ترین عہدوں پر تعیناتی کا موقع مل سکتا ہے۔سہیل شاہین کا کہنا تھا کہ رواں ماہ یا اگلے ماہ افغانستان میں باضابطہ حکومت کا اعلان کیا جا سکتا ہے۔اس کے علاوہ ان کا کہنا تھا کہ معاملات طے پانے کے بعد چین سمیت دیگر ممالک سے اعلی سطح کے وفود کو دعوت دی جائے گی۔دوسری جانب ترجمان طالبان سہیل شاہین نے کابینہ کی تقریب حلف برداری منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ترجمان طالبان سہیل شاہین کا کہنا تھا کہ طالبان کی عبوری کابینہ کی حلف برداری کی تقریب اب پلان کا حصہ نہیں، پہلے پروگرام میں تھا کہ ہم حلف برداری کی تقریب رکھیں گے، اس کے لیے ضروری تھا کہ دوسرے ممالک سے وفد مدعو کیے جائیں جب کہ پروٹوکول کے انتظامات اور عوام کے لیے سروسز کی ضرورت تھی۔ انہوں نے کہا کہ لیڈر شپ نے فیصلہ کیا ہے کہ فوری طور پر وزرا کا اعلان کیا جائے کیوں کہ عبوری کابینہ کا اعلان ہوچکا لہذا اب تقریب کینسل ہوچکی ہے۔