اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک، این این آئی )نیب راولپنڈی نے سرمایہ کاری کے نام پر عوام سے فراڈ کے کیس میں بی فور یو کے مالک سیف الرحمان کو گرفتار کرلیا۔سیف الرحمان جمعرات 26اگست کو اسلام آباد ہائیکورٹ سے ضمانت منسوخ ہونے پر فرار ہوگئے تھے۔ نیب کی ٹیم ملزم سیف الرحمان کو 3روز سے تلاش کر رہی تھی۔سیف الرحمان کو
سپریم کورٹ پہنچنے کی کوشش کے دوران گرفتار کیا گیا جہاں نیب ٹیم اطلاع ملنے پر سپریم کورٹ احاطے کے باہر پہلے سے موجود تھی۔نیب کے مطابق سیف الرحمان کے خلاف عوام سے اربوں روپے کے فراڈ کا الزام ہے۔ سیف الرحمان کو جسمانی ریمانڈ کے لیے آج احتساب عدالت ميں پیش کیا جائے گا۔دوسری جانب سپریم کورٹ نے مضاربہ سکینڈل کے ملزم سیف الرحمان خان کی احاطہ عدالت سے گرفتاری کا نوٹس لیتے ہوئے نیب سے گرفتاری پر وضاحت طلب کرلی جبکہ عدالت عظمیٰ نے ملزم سیف الرحمان خان کو عدالت پیش کرنے کا حکم دیا ۔ قائمقام چیف جسٹس نے کہاکہ نیب وضاحت کرے ملزم کی گرفتاری کے لیے احاطہ عدالت میں درنادازی کیوں کی،ملزم ضامنت کیلئے سپریم کورٹ آیا تھا،ملزم سیف الرحمان کی طرف سے ایڈووکیٹ لطیف کھوسہ عدالت پیش ہوئے۔ لطیف کھوسہ نے کہا کہ میرا موکل ضمانت قبل ازگرفتاری کے لیے عدالت کے سامنے سرنڈر کرنے آرہا تھا۔ لطیف کھوسہ نے کہاکہ نیب کی گاڑی نے میرے معاون وکیل کی گاڑی کو ہٹ کیا،نیب کے حکام احاطہ عدالت سے میرے مؤکل کو گرفتار کرکے لے گئے۔سپریم کورٹ میں گرفتار کرنے والے اہلکاروں کی سخت سرزنش کی۔ سپریم کورٹ نے نیب کے تمام افسران کو آئندہ سماعت تک ایک ایک لاکھ کے مچلکے ڈپٹی رجسٹرار کے پاس جمع کرانے کا حکم دے دیا۔