لاہور (این این آئی) اینٹی کرپشن نے مختلف کارروائیوں کے دوران لاہور ، جہلم اور فیصل آباد سے تین کرپٹ سرکاری ملازمین کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا ،دو پٹواری اور ایک سیکرٹری یونین کونسل ہزاروں روپے رشوت سمیت گرفتار کرلئے گئے ۔ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب کے مطابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر لاہور ریجن اے نے کاروائی کرتے ہوئے رشوت خور سیکرٹری یونین کونسل شاہد محمود کو گرفتار کر لیا۔ شاہد محمود کو چھ ہزار روپے رشوت وصول کرتے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔ سیکرٹری یونین کونسل شاہد نے غلط برتھ سرٹیفکیٹ بنانے کے لئے رشوت وصول کی۔ اینٹی کرپشن جہلم نے مظہر مجید پٹواری کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ پٹواری مظہر مجید کو دس ہزار روپے رشوت وصول کرتے گرفتار کیا گیا۔ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے حوالات میں بند کر دیا گیا۔ اینٹی کرپشن فیصل آباد نے پٹواری نور محمد کو تیس ہزار روپے رشوت لیتے گرفتار کر لیا۔ تمام ملزمان کو ٹریپ ریڈ کرکے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔