سرگودھا(مانیٹرنگ ڈیسک /این این آئی)کراچی میں انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحانات برائے 2021 کے دوسرے مرحلے کا آغاز 23 اگست سے ہوگا، امتحانات 13ستمبر تک 2 شفٹوں میں جاری رہیں گے۔نجی ٹی وی جیو کے مطابق اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے اعلامیہ جاری کیا ہے
جس کے مطابق انٹرمیڈیٹ امتحانات میں ایک لاکھ 36 ہزار 833 طلبہ و طالبات شریک ہوں گے، دوسرے مرحلے میں ہونے والے امتحانات 23 اگست سے 13 ستمبرتک جاری رہیں گے۔ امتحانات 2 شفٹوں میں ہوں گے، گیارہویں جماعت کے طلبہ کے علاوہ گزشتہ سال کے نتائج سے غیرمطمئن طلبہ بھی دوبارہ پرچہ دے سکیں گے۔ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ انٹر سال اول کے امتحانات کے لیے 221 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں جس میں صبح کی شفٹ کے 113 اور شام کی شفٹ کے 108 امتحانی مراکز شامل ہیں۔ چیئرمین اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کے مطابق نقل کی روک تھام اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے 2 مانیٹرنگ سیل بنادیے گئے ہیں۔دوسری جانب ثانوی تعلیمی بورڈ سرگودھا سمیت پنجاب بھر کے تعلیمی بورڈز کے زیر اہتمام میٹرک پارٹ ون کے سالانہ امتحانات28 اگست سے شروع ہونگے۔زرائع کے مطابق سرگودھا بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن سمیت پنجاب بھر کے تعلیمی بورڈز کے زیراہتمام میٹرک پارٹ ون کے سالانہ امتحانات کے انعقاد کے لئے امتخانی مراکز قائم کر کے انتظامات مکمل کر لئے گے۔جس کے تحت میٹرک پارٹ ون نویں جماعت کے امتحانات 28 اگست سے شروع ہونگے۔جن کے انعقاد کے لئے انتظامات مکمل کر کے امتخانی سنٹرز اور نگران عملہ کے لئے کام شروع کر دیا گیا ہے