کابل (این این آئی)سابق افغان صدر حامد کرزئی نے کہا ہے کہ صدر غنی کی اپنے عہدیداروں کے ساتھ ملک سے روانگی کے بعد انتشار روکنے، لوگوں کی تکلیفوں کو دور کرنے، امن قائم کرنے کے لیے ایک رابطہ کونسل تشکیل دی ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق سابق صدر نے اپنے فیس بک پیج پر لکھا کہ کونسل میں قومی مفاہمتی رہنما عبداللہ عبداللہ اور حزب اسلامی کے رہنما گلبدین حکمت یار بھی شامل ہوں گے۔سابق صدر کرزئی نے کونسل کی جانب سے افغان سکیورٹی فورسز اور طالبان عسکریت پسندوں سے مطالبہ کیا کہ وہ حالات خراب کرنے والوں کو روکیں۔بی بی سی کے مطابق یہ واضح نہیں ہے کہ کونسل کو کوئی ایگزیکٹو پاور حاصل ہو گی یا نہیں۔ طالبان نے ابھی تک کونسل کی تشکیل پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے سابق صدر حامد کرزئی کی طرف سے ایک رابطہ کونسل کی تشکیل کے بارے میں ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ایک کونسل کے قیام کا اقدام امن، بات چیت اور پرامن منتقلی کی راہ ہموار کر سکتا ہے۔