اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک /این این آئی)عرب امارات کی جانب سے چینی کرونا ویکسین سائنو فارم لگوانے والے مسافروں کو ملک میں داخلے کی اجازت دے دی ہے۔ یو اے ای حکومت کی ویب سائٹ پر سائنوفارم کو پہلے نمبر پر رکھا گیا ہے،متحدہ عرب امارات میں داخلے سے قبل مسافروں کو اپنی معلومات کو ویب سائٹ پر دینے کا کہا گیا ہے۔ مسافروں کو ویکسین سرٹیفکیٹ کے ساتھ ویکسین کی تفصیل بھی دیناہوگی۔قبل ازیں متحدہ عرب امارات جانے والے مسافروں کی پاکستان ایئرپورٹس پر ریپڈ پی سی آر ٹیسٹنگ کیلئے سول ایوسی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے 7ایئرپورٹس پر ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کے لیے جگہ فراہم کردی۔سی اے اے حکام کے مطابق تمام ایئرلائنز کو ایئرپورٹس پر پی سی آر ٹیسٹ کے لیے جگہ فراہم کی ہے، کراچی، اسلام آباد، لاہور، پشاور، فیصل آباد، ملتان، کوئٹہ ایئرپورٹس پر جگہ فراہم کی گئی ہے۔ حکام کے مطابق پی آئی اے کے ریزرویشن آفس میں سندھ لیب ریپڈ پی سی آرٹیسٹ کرے گا۔سی اے اے نے این سی او سی کو وزارت صحت سے ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کی قیمت کا تعین کرنے کی درخواست دے دی۔