کابل (آن لائن)افغانستان میں تیزی تبدیل ہوتی ہوئی سیاسی اور سیکیورٹی صورتحال کے تناظر میں کابل میں موجود امریکی سفارتخانے نے اپنے سفارتی عملے کو ہدایت کی ہے کہ وہ حساس مواد کو ایمرجنسی ڈسٹرکشن سروسز کے طور پر ضائع کردیں۔دوسری جانب ہیلی کاپٹرز امریکی سفارتخانے کے ارد گرد عملے کو منتقل کرنے کے لیے نظر آ رہے ہیں جبکہ سفارتی گاڑیاں کمپاؤنڈ سے روانہ ہوچکی ہیں۔ امریکی ٹیلی ویڑن کے مطابق سفارتی عملے کو ہدایت کی گئی ہے کہ نہ صرف اہم اور حساس دستاویزات ضائع کردی جائیں، بلکہ سفارتخانے یا ایجنسی کا لوگو، امریکی جھنڈے یا پھر وہ اشیا جنھیں پروپیگنڈا مقصد کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے انھیں تباہ یا ضائع کردیا جائے۔