کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں ٹرک میں دھماکہ ہوا، اس دھماکے کی وجہ سے دو بچوں، خواتین سمیت 9 افراد جاں بحق ہو گئے اور اس سے سات افراد زخمی ہوئے ہیں، زخمیوں کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے،
دھماکے کے بعد پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہے اور سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا۔ایس ایس پی کیماڑی کا کہنا ہے کہ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے، واقعہ تخریب کاری لگتا ہے، لگتا ہے ٹرک پر کریکر بم جیسا کچھ پھینکا گیا ہے۔ ٹرک پر چھروں کے نشانات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ایس پی بلدیہ کا کہنا ہے کہ فقیر گوٹھ سے سواریاں اٹھا کر شہزور ٹرک والا نکلا تھا،پولیس ڈرائیور کا بیان لے رہی ہے۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق ڈرائیور کا کہنا ہے کہ کسی نے باہر سے کوئی چیز پھینکی، دوسری جانب انچارج سی ٹی ڈی راجہ عمر خطاب کا کہنا تھا کہ دھماکہ ابتدائی طورپردستی بم کا لگتا ہے۔ دستی بم گاڑی میں گرنے سے پہلے پھٹ گیا۔ ملزمان موٹر سائیکل پر سوار تھے جبکہ اس ٹرک میں سوارفیملی شادی سے واپس آرہی تھی۔