کراچی(این این آئی) ابراہیم حیدری پولیس نیشہرقائد میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا، خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے تحریک طالبان پاکستان کے دو دہشت گردوں کو گرفتار کرکے اسلحہ اور بارودی مواد برآمد کرلیا،گرفتار دہشتگرد افغانستان سے عسکری تربیت یافتہ ہیں۔پولیس حکام کے مطابق پولیس کراچی کے علاقے ابراہیم حیدری سے
کالعدم تحریک طالبان پاکستان(ٹی ٹی پی)کے 2دہشت گردوں کو گرفتار کرکے اسلحہ اور بارود برآمد کرلیاہے۔پولیس کے مطابق دہشت گردوں سے ایک کلو سے زائد بارودی مواد اور ڈیٹونیٹر وائر برآمدہواہے۔اس ضمن میں پولیس نے مزید بتایا کہ گرفتار دہشت گرد افغانستان سے عسکری تربیت یافتہ ہیں۔ دہشت گردوں کے افغانستان میں نیٹو فورسز پر حملوں میں ملوث ہونے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔پولیس حکام کے مطابق گرفتار دہشت گرد اغواء اور دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث رہے ہیں، گرفتار دہشت گردوں میں امیر زادہ عرف مخلص 2001میں کالعدم ٹی ٹی پی میں شامل ہوا تھا۔امیر زادہ کے ساتھیوں میں جہاد یار، امین جانان، ملا عثمان عرف ام سلامہ، عبداللہ عرف ملا، میر رحمان عرف حاجی اور فضل رحمان عرف ابو خالد شامل تھے جو مختلف اوقات میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مقابلے کے دوران ہلاک ہو گئے۔گرفتار دہشتگرد تاج ولی ٹی ٹی پی کے لوکل کمانڈر قاری قیوم کے اکسانے پر 2009/2010 میں تحریک میں شامل ہوا اور
مختلف اوقات میں افغانستان اور شمالی وزیرستان میں دہشت گردانہ کارروایوں میں ملوث رہے ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق گرفتار دہشتگردوں سے تحویل میں لئے گئے بارودی مواد کے متعلق پوچھ گچھ جاری ہے۔پولیس کے مطابق گرفتار دہشتگرد حال ہی میں افغانستان سے آئے ہیں اور کراچی میں دہشتگردانہ کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔پولیس کی جانب سے ضابطے کی کارروائی کی جارہی ہے، مزید گرفتاریاں اور انکشافات متوقع ہیں۔