نئی دلی(این این آئی) انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن(اسرو)کی مہنگی ترین ارتھ آبزرویشن سیٹلائٹ EOS-03کا تجربہ ناکام ہو گیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سیٹلائٹ کو جمعرات کی
صبح سری ہری کوٹہ کے ستیش دھون خلائی مرکز سے روانہ کیاگیا تھا تاہم مقررہ وقت سے چند سیکنڈ پہلے تیسرے مرحلے (کریوجینک انجن)میں خرابی کی وجہ سے یہ تجربہ ناکام ہو گیا ہے۔ اسرو کے چیئرمین کے سیون نے ایک ٹویٹ میں کہاہے کہ انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن نے آج صبح 5بجکر43منٹ پرسری ہری کوٹہ کے ستیش دھون خلائی مرکز سے اپنی ارتھ آبزرویشن سیٹلائٹ کومدار میں بھیجنے کا تجربہ کیا جو مقررہ وقت سے چند سیکنڈ پہلے تیسرے مرحلے (کریوجینک انجن)میں خرابی کی وجہ سے اپنے مدار تک نہیں پہنچ سکا۔ انہوں نے ٹویٹ میں تصدیق کی کہ مشن ناکام ہو گیا ہے۔ اس سیٹلائٹ کی لانچنگ کو پہلے ہی تین بار تکنیکی وجوہات اور کورونا کی وجہ سے ملتوی کیا گیا تھااور اب اس کی ناکامی کے بعد اسرو جلد ہی نئی لانچ کی تاریخ کا اعلان کرے گا۔