کراچی(این این آئی)پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئراداکارہ اورماہر تعلیم دردانہ بٹ کورونا کے باعث 83 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں۔دردانہ بٹ گزشتہ دو ہفتوں سے کورونا کی تشخیص کے بعد اسپتال میں زیر علاج تھیں۔اداکار خالد ملک نے دردانہ بٹ کے انتقال کی تصدیق اپنے ایک سوشل میڈیا پیغام میں کی۔انہوں نے لکھا کہ دردانہ آپا دنیا چھوڑ کر
خالقِ حقیقی سے جا ملی ہیں، عقلمند، مزاحیہ، بصیرت والی داردانہ بٹ ایک خاص روح تھیں، جو اب اس دنیا میں نہیں رہی ہیں۔اداکار کی پوسٹ پر صارفین کی بڑی تعداد دردانہ بٹ کیلئے دعائے مغفرت کررہی ہے۔اس سے قبل خالد ملک نے ہی ان کی علالت اور وینٹیلیٹر پر منتقل کیے جانے کے حوالے سے بتایا تھا۔کچھ روز قبل دردانہ بٹ کی بھانجی ملیحہ خان کی جانب سے جاری پیغام میں کہا گیا کہ تمغہ امتیاز حاصل کرنے والی میری خالہ دردانہ بٹ اس وقت بہادری سے کورونا کیخلاف جنگ لڑ رہی ہیں۔ دردانہ بٹ 9 مئی 1938 کو لاہور میں پیدا ہوئیں، دردانہ بٹ نے کینیئرڈ کالج لاہور سے اپنی تعلیم مکمل کی۔دردانہ بٹ نے یونیورسٹی آف ٹولیڈو ایجوکیشنل ایڈمنسٹریشن میں پی ایچ ڈی کی۔ دردانہ بٹ نے 1978 میں پی ٹی وی کے مزاحیہ خاکوں کے پروگرام ففٹی ففٹی سے اداکاری کا آغاز کیا ۔ 1980 میں ڈراما آنگن ٹیڑھا میں سلطانہ کے کردار نے انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچادیا ۔ 1985 میں دردانہ بٹ نے پی ٹی وی کے شہرہ آفاق
ڈرامے “تنہایاں” میں بی بی کا یادگار کردار ادا کیا ۔ دردانہ بٹ کریکٹر ایکٹریس کے طور پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ۔ 2019 میں دردانہ بٹ کا آخری ڈرامہ رسوائی آن ایئر ہوا ۔ دردانہ بٹ کے دیگر مشہور ڈراموں میں نوکر کے آگے چاکر، رانی، چھوٹی سی کہانی، ڈگڈگی، تھوڑی سی وفا، پھر چاند پہ دستک ، انتظار شامل ہیں ۔دردانہ بٹ نے تھیٹر کے
علاوہ 6 فلموں میں بھی کام کیا ۔ دردانہ بٹ گزشتہ کئی روز سے وینٹیلٹر پر تھیں ۔ دردانہ بٹ کینسر کے عارضے میں مبتلا تھیں ۔ دردانہ بٹ کو کورونا کی بھی تشخیص ہوئی تھی۔دردانہ بٹ نے ایک کیمبرج اسکول میں بطور پرنسپل بھی فرائض سرانجام دیئے۔