کراچی (این این آئی) ایڈمنسٹریٹر کراچی، سندھ حکومت کے ترجمان و مشیر قانون بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ہدایت کی ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے تمام ملازمین دفتری اوقات کے دوران لازمی طور پر ماسک پہنیں اور تمام افسران و ملازمین 30اگست تک ویکسی نیشن کروالیں‘
مقررہ مدت تک ویکسی نیشن نہ کرانے والے افسران و ملازمین کی تنخواہیں روک دی جائیں گی‘ یہ ہدایات انہوں نے بدھ کے روز بلدیہ عظمیٰ کراچی کے صدر دفتر میں افسران کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے دیں، انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے خاتمے کے لیے ویکسی نیشن کرانا لازمی ہے‘ شہر کو معمول پر لانے کے لیے تمام افراد حکومت کی ایس او پیز پر عمل کریں، دریں اثناء ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹرمرتضی وہاب کی ہدایات کے تحت بلدیہ عظمیٰ کراچی کے تمام محکمہ جاتی افسران کو مراسلہ جاری کردیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کوویڈ۔19 کی چوتھی لہر کے پیش نظرحکومت سندھ کی طر ف سے جاری کردہ ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے اور کے ایم سی کے تمام محکموں کے سربراہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ دفتری حدود میں تمام اسٹاف فیس ماسک پہنیں اور 30 اگست 2021 ء تک لازمی طور پر کوویڈ۔19 کی ویکسی نیشن کرالیں جس کے سرٹیفکیٹ / کارڈز کی مصدقہ نقول محکمہ ایچ آر ایم کو ارسال کی جائے، بصورت دیگر ملازمین کی تنخواہ فوری طور پر روک دی جائے گی، محکمہ جاتی سربراہان سے دی گئیں ہدایات پر سختی سے عملدرآمد اور اس کی رپورٹ متعلقہ محکمے کو ارسال کرنے کے لئے بھی کہا گیا ہے۔