کراچی(این این آئی) ہول سیل فارما کراچی آرگنائزیشن کے صدر زبیر میمن اور جنرل سیکریٹری اسلم پولانی نے فارما سیکٹر کو ایڈوانس ٹیکس کلیکشن میں ڈالنے کے حکومتی منصوبے کو مسترد کرتے ہوئے بھر پور احتجاج کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ فارما ٹریڈ سے تعلق رکھنے والے ملک بھر کے میڈیسن تاجروں کا یہ بھی اتفاق ہے کہ
اگر حکومت نے فارما سیکٹر کو ایڈوانس ٹیکس کلیکشن میں ڈالنے کا فیصلہ واپس نہ لیا تو ملک گیر ہڑتال کی جائے گی۔ وہ آرگنائزیشن کی ہنگامی میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے۔ صدر زبیر میمن اور جنرل سیکریٹری اسلم پولانی نے مزید کہا کہ ہڑتال کی تاریخ کا اعلان مشاورت سے کیا جائے گا۔ ابتدائی احتجاج کے طور پر پورے ملک کے پریس کلبوں پر مظاہروں سے احتجاج کا آغاز کیا جائے گا۔آرگنائزیشن کے صدر زبیر میمن اور جنرل سیکریٹری اسلم پولانی نے پورے ملک کے فارما ٹریڈ کے نمائندوں کے اتحاد کو سراہاتے ہوئے کہا کہ حکومت سنجیدگی سے فارما ٹریڈ کی تجاویز کو سنے اور اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرئے۔ انہوں نے کہا کہ فارما سیکٹر میں حکومت کو بہت ریونیو ملتا ہے۔ مزید بھی مل سکتا ہے۔ اس کے لیے پالیسی سازی کی ضرورت ہے تاکہ اس طرح کے ٹیکس لگانے کی جو ٹیکنیکلی ٹھیک نہیں اور اس سے ٹیکس نیٹ بڑھنے کا بھی چانس نہیں۔ الٹا ایک سیدھے اور ڈاکومینٹڈ کاروبار کو ڈسٹرب کر کے ایک ناکام پریکٹس پر ملکی سرمایہ خرچ کرنا ملکی خزانے کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔اس لیئے فارما ٹریڈ کا احتجاج بنیادی اور اصولی طور پر درست قدم اور آئینی حق ہے۔ میڈیسن تاجروں کا یہ بھی اتفاق ہے کہ اگر حکومت نے فارما سیکٹر کو ایڈوانس ٹیکس کلیکشن میں ڈالنے کا فیصلہ واپس نہ لیا تو ملک گیر ہڑتال کی جائے گی۔