کراچی (این این آئی) پاکستانی گلوکار عاصم اظہر نے پاکستان سْپر لیگ کے سیزن 6 کی فاتح ٹیم ملتان سلطانز کو بدترین ٹیم کہنے والے ٹوئٹر صارف کو کھری کھری سنا دیں۔ایک صارف نے عاصم اظہر کے ٹوئٹ کے جواب میں کہا کہ اس مرتبہ پی ایس ایل ایک بدترین ٹیم جیتی ہے، ملتان چمپئن بننے کا حقدار نہیں تھا۔عاصم اظہر نے صارف کو انتہائی تحمل مزاجی سے کھری کھری سنائیں
جس کے بعد صارف نے وہ کمنٹ ہی ڈیلیٹ کردیا۔گلوکار نے لکھا کہ ’تمیز سے بھائی، اگر کوئی اسے جیتنے کا حقیقی حقدار تھا تو وہ یہ شہر اور یہ ٹیم تھی۔‘عاصم اظہر نے کہا کہ ’پہلے چار میچوں میں شکست کے بعد اس مقام تک پہنچنا آسان نہیں تھا‘۔انہوں نے کہا کہ میں کراچی کا سپورٹر ہوں لیکن اس چھوٹے شہر لیکن بڑے دل والوں کے شہر کی جیت پر بہت خوش ہوں۔گلوکار نے کہا کہ یہی ٹیم پاکستان کی چمپئن بھی ہے۔ دوسری جانب معروف اداکارہ و تمغہ امتیاز مہوش حیات نے انکشاف کیا ہے کہ میں نے بالی ووڈ کی مقبول ترین فلم ’فینی خان‘ میں کام کرنے سے انکار کردیا تھا جس کے بعد ایشوریا رائے بچن نے اْس فلم میں کام کیا۔ایک انٹرویومیں اداکارہ نے کہا کہ تمام اداکار جنہوں نے بالی ووڈ میں کام کیا ہے، بدقسمتی سے اْنہیں اس طرح کا احترام نہیں دیا جاتا جس کے وہ مستحق ہیں۔‘مہوش حیات نے کہا کہ ’اگر آپ کسی اداکار کا کام بند کریں گے یا اْس کی فلم کی تشہیر پر پابندی لگا دیں تو اس سے اْس کی عزتِ نفس مجروح ہوگی اور عزتِ نفس سے بڑھ کر کچھ نہیں۔‘اداکارہ نے کہا کہ ’مجھے بالی ووڈ فلم ’فینی خان‘ کی پیشکش کی گئی تھی لیکن میں نے آفر مسترد کردی تھی، اس کے علاوہ مجھے فلم دیڑھ عشقیہ کی آفر بھی آئی تھی جو میں نے کچھ بولڈ سین کی وجہ سے قبول نہیں کی۔‘انہوں نے کہا کہ ’میرے لیے یہ ایک شعوری فیصلہ تھا کہ میں یہاں اپنے ملک میں رہنا چاہتی ہوں اور اپنے پاکستانی سنیما کے لیے کام کرنا چاہتی ہوں۔‘مہوش حیات نے مزید کہا کہ ’جب مجھے تمغہ امتیاز سے نوازا گیا تھا تو میں بہت زیادہ خوش ہوئی تھی۔‘